گاندربل (جمون کشمیر) : محکمہ صحت نے صفاپورہ، گاندربل علاقے میں عطیہ خون کیمپ کا انعقاد کیا جس میں ایک سو سے زائد رضاکاروں نے خون کا عطیہ پیش کیا۔ ایک مقامی غیر سرکاری تنظیم (این جی او) نے ایس ایم ایچ ایس ہسپتالSMHS Hospital سرینگر کے تعاون سے بلڈ ڈونیشن کیمپ کا انعقاد کیا جس میں محکمہ صحت کے ملازمین سمیت مقامی لوگوں کی خاصی تعداد نے شرکت کی۔
منتظمین نے بتایا کہ عطیہ خون کیمپ میں صفاپورہ اور اس سے ملحقہ علاقوں سے آئی بڑی تعداد نے شرکت کی جب کہ کیمپ میں 120 سے زائد رضاکاروں نے خون کا عطیہ پیش کیا۔ عطیہ خون کیمپ میں نوجوانوں سمیت بزرگ شہریوں نے بڑھ چڑھ کر شرکت کی اور بلڈ ڈونیشن کیمپ کے انعقاد پر منتظمین کی ستائش کی تاہم رضاکاروں نے حکام سے عطیہ کیا ہوا خون صحیح معنوں میں استعمال کرنے کی اہمیت پر بھی زور دیا۔
خون عطیہ کرنے والے ایک مقامی رضا کار نے کہا: ’’عام طور پر ایمرجنسی کے دوران ہسپتالوں میں تیمارداروں سے خون عطیہ کرانے کو کہا جاتا ہے جبکہ اس طرح کے کیمپس میں لوگ رضاکارانہ طور پر خون کا عطیہ پیش کرتے ہیں۔‘‘ انہوں نے مزید کہا کہ عوام کو اس کنفیوژن سے دور نکالنے کے لیے حکام کو اس حوالہ سے آگاہی فراہم کرنی چاہئے۔
مزید پڑھیں: ٹریفک اور صحت محکمے کے اشتراک سے بلڈ ڈونیشن کیمپ
غلام محمد نامی ایک بزرگ شہری نے صفاپورہ علاقے میں بلڈ ڈونیشن کیمپ کے انعقاد پر منتظمین کی ستائش کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے پہلی مرتبہ خون کا عطیہ پیش کیا ہے۔ انہوں نے کہا: ’’ہمارے علاقے میں پہلی مرتبہ بلڈ ڈونیشن کیمپ منعقد کیا گیا، میں پہلی مرتبہ خون کا عطیہ پیش کر رہا ہوں۔ مجھے اس میں کوئی دنیوی غرض نہیں بلکہ محض اللہ کی رضا کے لیے خون کا عطیہ پیش کر رہا ہوں، اس امید میں کہ یہ کسی مخلوق کے کام آئے اور خالق روز محشر میں مجھے اس کا بدلہ دے۔‘‘