سرینگر:چیف الیکٹورل آفیسر جموں و کشمیر نے لوک سبھا انتخابات 2024 کے اعلان کے ساتھ ہی جموں و کشمیر میں ماڈل کوڈ آف کنڈکٹ یعنی انتخابی ضابطہ اخلاق کو نافذ کرنے کا حکم دیا ہے۔
چیف الیکٹورل آفیسر جموں و کشمیر نے ضلع انتخابی افسروں (ڈپٹی کمشنروں) کو ایک مشترکہ پیغام میں ماڈل کوڈ آف کنڈکٹ کے فوری اثر سے نفاذ کے بارے میں مطلع کیا ہے۔
سی ای او دفاتر سے درخواست کی ہے کہ وہ تمام لائن محکمہ جات کو ہدایت دیں کہ وہ سیاسی جماعتوں، امیدواروں اور دیگر متعلقہ رہنما خطوط کی رہنمائی کیلئے مینوئل میں موجود ماڈل ضابطہ اخلاق کی ہدایات کی سختی سے تعمیل کو یقینی بنائیں۔
مزید پڑھیں: انتخابی ضابطۂ اخلاق کیا ہوتا ہے؟
واضح رہے کہ لوک سبھا انتخابات 2024 کا نوٹیفکیشن جاری ہوتے ہی الیکشن کمیشن کا ماڈل کوڈ آف کنڈکٹ نافذ ہوگیا ہے۔ اس کے تحت ملک بھر میں مہم چلا کر سیاسی جماعتوں کے ہورڈنگز، بینرز اور پوسٹرز اتارے جائیں گے۔ یہی نہیں سرکاری اسکیموں کے ہورڈنگز بھی ہٹا دیے جائیں گے۔
- ضابطہ اخلاق کیا ہے؟
الیکشن کمیشن کی جانب سے آزادانہ اور منصفانہ انتخابات کرانے کے لیے کچھ اصول بنائے جاتے ہیں جن پر انتخابات میں حصہ لینے والے ہر امیدوار اور ہر پارٹی کو عمل کرنا ہوتا ہے۔ ان قوانین کو ضابطہ اخلاق کہا جاتا ہے۔ لوک سبھا اور اسمبلی انتخابات کے دوران تمام پارٹیوں، لیڈروں اور حکومتوں کو ان اصولوں پر عمل کرنا ہوتا ہے۔