سرینگر: میرواعظ نے ممتاز دینی و سیاسی رہنما مہاجر ملت، مفسرِ قرآن میرواعظ مولانا محمد یوسف شاہ کے 57ویں یوم وصال پر مرحوم رہنما کی ملت کشمیر کے تئیں تاریخ ساز، بے لوث اور بیش بہا دینی، تبلیغی، اصلاحی، ادبی خدمات کو زبردست خراج عقیدت ادا کرتے ہوئے میرواعظ مرحوم کو ایک عبقری شخصیت قرار دیا۔
انہوں نے مفسر قرآن کو انکی گرانقدر خدمات اور کارناموں کو اہل کشمیر کا عظیم سرمایہ قرار دیتے ہوئے کہا گیا کہ مرحوم نے پوری زندگی خلوص اور دیانت کے ساتھ اہالیان کشمیر کو بہتر زندگی فراہم کرانے کیلئے جدوجہد کرتے ہوئے غریب الوطنی میں اپنی جان آفریں کے حوالے کر دی۔ انہوں نے کہا کہ مرحوم میرواعظ نے دینی، دعوتی ، تبلیغی ، سماجی اور سیاسی خدمات کے ساتھ ساتھ قرآن حکیم کی اپنی مادری زبان میں اولین عام فہم تفسیر لکھ کر مراد خداوندی کو عام لوگوں تک پہنچانے کی ناقابل فراموش خدمت انجام دی جو تا قیام قیامت یاد رکھا جائیگی۔
اس دوران مفسر قرآن اور شہدائے بدر کی یاد میں نماز ظہر سے قبل مرکزی جامع مسجد سرینگر میں قرآن خوانی اور ایصال ثواب کی ایک پر وقار تقریب منعقد ہوئی، جس دوران شہدائے بدر، مہاجر ملت ،شہید ملت اور جملہ شہداء کو ایصال ثواب کیا گیا۔ دریں اثنا آج تاریخی عالی مسجد عیدگاہ سرینگر میں مہاجر ملت ، مفسر قرآن میرواعظ مولانا محمد یوسف شاہ ؒ کی 57 ویں برسی اور شہدائے بدر کی یاد میں مجلس وعظ و تبلیغ سے خطاب کرنا تھا،تاہم انتظامیہ کی جانب سے انہیں پروگرم میں شرکت کرنے کی اجازت نہیں دی گئی اور انہیں گھر پر نظر بند رکھا گیا ۔
مزید پڑھیں: مولانا محمد یوسف شاہ ؒ کے یوم وصال کی مناست سے تقریب منعقد
ایسے میں انجمن اوقاف جامع مسجد نے اوقاف کے سربراہ اور میرواعظ کشمیر ڈاکٹر مولوی محمد عمر فاروق کو ایک بار پھر گھر میں نظر بند کرکے انکی منصبی اور مذہبی فرائض پر قدغن عائد کئے جانے کو حد درجہ افسوسناک قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ میرواعظ کو پروگرام کے مطابق آج تاریخی عالی مسجد عیدگاہ سرینگر میں مہاجر ملت ، مفسر قرآن میرواعظ مولانا محمد یوسف شاہ ؒ کی 57 ویں برسی اور شہدائے بدر کی یاد میں مجلس وعظ و تبلیغ سے خطاب کرنا تھا، لیکن ریاستی انتظامیہ نے صبح سے ہی میرواعظ کی رہائش گاہ کے باہر پولیس تعینات کرکے موصوف کو متذکرہ پروگرام میں شرکت سے روک۔بیان میں انتظامیہ کے اس اقدام کو صریحا مداخلت فی الدین اور پرامن دینی سرگرمیوں کو طاقت کے بل پر روکنے کا مذموم عمل قرار دیا۔