بڈگام (جموں کشمیر) : وسطی کشمیر کے بڈگام ضلع میں ایک نابالغ لڑکے کی لاش پر اسرار حالت میں بر آمد ہوئی ہے اور متوفی کے اہل خانہ نے قتل کا الزام عائد کرتے ہوئے تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔ آفیشل ذرائع نے بتایا کہ ضلع کے کیچواری علاقے میں پیر اور منگل کی درمیانی شب ایک نابالغ لڑکا پراسرار حالت میں مردہ پایا گیا جس کی گردن پر کچھ نشانات موجود تھے۔
متوفی کی شناخت ذیشان احمد کالس ولد بلال احمد کالس ساکنہ کیچواری، خانصاحب کے طور پر ہوئی ہے۔ آفیشل نے مزید بتایا کہ نابالغ کی لاش کو طبی و قانونی لوازمات کے لئے پولیس نے اپنی تحویل میں لے لیا۔ ادھر، معاملے کی سنگینی کا نوٹس لیتے ہوئے بڈگام پولیس نے معاملہ درج کرکے مزید کارروائی شروع کر دی ہے۔ پولیس افسران کا کہنا ہے کہ لوازمات کی تکمیل کے بعد لاش کو آخری رسومات کے لیے لواحقین کے سپرد کر دیا جائے گا۔
دریں اثناء، لواحقین نے اس ضمن میں دعویٰ کیا کہ ہے کہ متوفی کی موت قدرتی نہیں بلکہ اسے قتل کر دیا گیا ہے۔ لواحقین کا الزام ہے کہ دوران شب نامعلوم افراد زبردستی ان کے گھر میں گھس آئے اور ان کے فرزند پر تیز دھار دھات سے وار کرکے اسے قتل کر دیا ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ پوسٹ مارٹم رپورٹ اور دیگر تکنیکی شواہد جمع کرنے کے بعد ہی موت کی اصل وجہ سامنے آیئے گی۔ بڈگام پولیس کا کہنا ہے کہ اس معاملے میں تحقیقات شروع کر دی گئی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: سری نگر میں جموں وکشمیر پولیس کے افسر کی لاش برآمد - Kashmir Police Found Dead