جموں: جموں ضلع کے سنجوان ملٹری بیس پر عسکریت پسندوں کے حملے میں ایک فوجی اہلکار ہلاک ہو گیا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ پیر کی صبح عسکریت پسندوں نے سنجوان آرمی بیس کیمپ پر حملہ کیا جس کے جواب میں فوجی اہلکاروں نے بھی جوابی فائرنگ کی اور گولیوں کے تبادلے میں ایک فوجی اہلکار زخمی ہو گیا۔ زخمی اہلکار کو فوری طور پر اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاکر فوت ہو گیا۔
حملے کے فورا بعد سیکورٹی اہلکاروں نے علاقے میں سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے اور علاقے میں ڈرونز کے ذریعے بھی عسکریت پسندوں کو ڈھونڈ نکالنے کی کوششیں جاری ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ اسنائپر اٹیک بھی ہو سکتا ہے۔
سنجوان بیس کیمپ پر یہ عسکریت پسندوں کا پہلا حملہ نہیں ہے۔ اس سے قبل بھی سنجوان آرمی بیس کیمپ کو عسکریت پسندوں نے نشانہ بنایا ہے۔ سال 2018میں فروری 10تاریخ کو جیش محمد نامی عسکری تنظیم نے اس بیس کیمپ پر حملہ کیا تھا جس میں چھ فوجی اہلکار تین عسکریت پسند اور ایک عام شہری ہلاک ہوئے تھے جبکہ اس حملے میں 20افراد زخمی ہوئے تھے زخمیوں میں 14اہلکار اور پانچ خواتین و بچے بھی شامل تھے۔ حیران کن طور پر یہ حملہ افضل گورو کی برسی کے موقع پر ہوا تھا جسے سال 2001کے پارلیمنٹ حملے میں مجرم قرار دیکر تختہ دار پر چڑھا دیا گیا تھا۔
فوج نے سنجوان فائرنگ کے واقعے میں عسکریت پسندوں کے حملے کے تعلق کو مسترد کر دیا
دوسری جانب پرو ڈیفنس جموں نے کہا کہ ہندوستانی فوج کی ابتدائی تحقیقات سے پتہ چلتا ہے کہ صبح کے وقت جس واقعہ میں ایک فوجی کی جان چلی گئی وہ عسکریت پسندوں کا حملہ نہیں ہے۔ پرو ڈیفنس نے بتایا کہ فوجی کی موت کی وجہ کی تحقیقات کی جا رہی ہیں۔
اس سے پہلے دن میں دفاعی ترجمان نے کہا تھا کہ جموں کے مضافات میں واقع سنجوان ملٹری اسٹیشن پر صبح تقریباً 10.50 بجے چند راؤنڈ فائر کیے گئے، جس کے نتیجے میں ایک فوجی جاں بحق ہوا۔ ترجمان نے سنٹری پوسٹ پر فائرنگ کرنے والے حملہ آوروں کے بارے میں تفصیلات بتائے بغیر کہا کہ آپریشن شروع کر دیا گیا ہے اور مزید تفصیلات معلوم کی جا رہی ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: جموں و کشمیر پولیس نے پاکستانی عسکریت پسند سے متعلق جانکاری دینے والے کو 5 لاکھ روپئے دینے کا اعلان کردیا