ترال ( جموں و کشمیر): ترال علاقہ ہمیشہ سے ہی علم وادب کا گہوارہ رہا ہے اور اب اس علم وادب کے آسمان پر ایک ستارہ پھر سے چمک گیا ہے اور وہ ہے راجہ شاہ زیب۔جی ہاں ترال کے پنر جاگیر سے تعلق رکھنے والے راجہ شاہ زیب کو علاقے کا پہلا پائلٹ بننے کا اعزاز حاصل ہوا ہے۔ شاہ زیب نے ٹریننگ مکمل کرنے کے بعد ایئر انڈیا میں پائلٹ کے عہدے کے لیے درخواست دی۔ تمام ٹیسٹوں اور طریقہ کار سے گزرنے کے بعد انہیں ایئر لائنز نے بطور پائلٹ مقرر کی، جس کے بعد پورے علاقے میں خوشی کا سماں ہے۔
راجہ شاہ زیب جو کہ فی الوقت نئی دہلی میں ہے، نے ای ٹی وی بھارت کے نمائندے شبیر بٹ سے فون پر بات کرتے ہوئے شاہ زیب نے کہا کہ علاقے کا پہلا پائلٹ بننا اس کے لیے کسی اعزاز سے کم نہیں ہے اور یہ اس کی زندگی کے حسین لمحات میں سے ہے۔
راجہ شاہ زیب نے بتایا کہ ان کی ابتدائی تعلیم سرینگر کے کئی اسکولوں سے ہوئی کیونکہ اس کے والد جو کہ سرکاری نوکری کرتے ہیں، ملازمت کے سلسلے میں سرینگر شفٹ ہوئے تھے۔ انہوں نے کہا کہ بارویں جماعت کے بعد بی ٹیک کی ڈگری حاصل کرنے کے بعد انہوں نے اندرا گاندھی راشٹریہ اڈان اکیڈیمی میں تین سالہ کورس مکمل کر لیا اور اب اسے ائیر انڈیا میں بطور پائلٹ جگہ مل گئی۔
مزید پڑھیں: کشمیر: بلندیوں پر پرواز کرنے والی اولین حجابی پائلٹ
راجہ شاہ زیب نے بتایا کہ کشمیری نوجوانوں میں صلاحتوں کی کوئی کمی نہیں ہے اور وہ کسی بھی فیلڈ میں کامیابی کے جھنڈے گاڈ سکتے ہیں۔ انہوں نے مزید بتایا کہ وہ آئندہ دس برس تک ملک میں ہی کام کرنا چاہتے ہیں،بعد میں وہ بیرون ملک کام کرنے کے خواہاں ہے۔