بڈگام: وسطی کشمیر کی ریلوے لائن سرینگر-بڈگام سیکشن میں ایک افسوسناک واقعہ اس وقت پیش آیا جب ایک شخص چلتی ٹرین کی زد میں آگیا، جس کے نتیجے میں اس کی موت واقع ہو گئی۔ ذرائع کے مطابق یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب ایک شخص سہیل احمد بٹ ولد عبدالاحد بٹ ساکن پارنیوا بانہال سے بارہمولہ جانے والی ٹرین کی زد میں آ کر فوت ہو گیا۔
یہ بھی پڑھیں:
Train Crushes Man in Baramulla بارہمولہ میں چلتی ٹرین کی زد میں آکر ایک شخص کی موت
اس واقعے کی خبر ملتے ہی بڈگام پولیس کے اہلکار جائے واردات پر پہنچ گئے اور لاش کو اپنی تحویل میں لے لیا۔ لاش کو طبی و قانونی کارروائی پورا کرنے کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا۔ اس واقعے کا سنجیدہ نوٹس لیتے ہوئے بڈگام پولیس نے اس حادثہ کی تحقیقات شروع کر دی ہے۔
واضح رہے کہ جموں و کشمیر کے بڈگام میں حادثے پیش آتے ہی رہتے ہیں۔ اس سے قبل تیئیس فروری سنہ 2023 کو بڈگام ضلع میں ایک عمر رسیدہ شخص کی ٹرین کی زد میں آنے کے سبب موت ہوگئی تھی۔ اس وقت ریلوے کے ایک اہلکار نے بتایا تھا کہ ٹرین نے بڈگام-سرینگر ریلوے اسٹیشن کے نزدیک پلوامہ ضلع کے لگورا کے باشندے ثناء اللہ بھٹ نام کے شخص کو ٹکر مار دی تھی، جس کی وجہ سے وہ شدید طور پر زخمی ہوگئے تھے۔ لیکن مذکورہ شخص کو جب زخمی حالت میں ایک نزدیکی اسپتال منتقل کیا گیا، اسی درمیان اس کی موت واقع ہوگئی۔