بانڈی پورہ: بانڈی پورہ کے ایس کے اسٹیڈیم میں بانڈی پورہ خزاں فیسٹیول کے ایک حصے کے طور پر 'کاشر فنکار' تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس کا مقصد علاقے کو سیاحتی مقام کے طور پر فروغ دینا تھا۔ اس تقریب کی صدارت میجر جنرل وویک نارنگ، جی او سی کلو فورس نے کی اور اس کا اہتمام فوج نے علی اسپورٹس اکیڈمی بانڈی پورہ کے تعاون سے کیا۔
اس میں وادی کے معروف موسیقاروں، ممتاز گلوکاروں، کھیلوں سے منسلک افراد اور فنکاروں کی پرفارمنس پیش کی گئی۔ "کاشر فنکار" نے ابھرتے ہوئے فنکاروں کو اپنی موسیقی کی مہارت اور ثقافتی ورثے کو دکھانے کے لیے ایک پلیٹ فارم فراہم کیا۔ میلے میں روایتی کشمیری لوک موسیقی سے لے کر دیگر مزاحیہ اور کلچرل پرفارمنس بھی شامل تھیں، جو خطے کے ثقافتی تنوع کو اجاگر کرتی تھی۔
معروف کشمیری گلوکارہ شازیہ بشیر نے کاشر فنکار تقریب میں اپنی روح پرور آواز سے ناظرین کو محسور کر دیا۔ ان کی دلفریب پرفارمنس فیسٹیول کی خاص جھلکیوں میں سے ایک تھی، جس نے ناظرین کو بےحد لطف اندوز کرایا۔ اس میلے کی میزبانی چنار ریڈیو گروپ کے مقبول آر جیز نے کی، بشمول آر جے دیبا، جنہوں نےاس رنگین شام کو اپنی جاندار موجودگی اور دلکش تبصروں سے دوام بخشا۔ ان کی متحرک میزبانی نے پروگرام میں جوش و خروش کی ایک اضافی پرت کا اضافہ کیا، جس سے یہ ہر ایک کے لیے ایک یادگار تجربہ بن گیا۔
پرفارمنس کے علاوہ، موسیقاروں اور فنکاروں کی طرف سے ماسٹر کلاسز کا انعقاد کیا گیا۔ اس تقریب کا مقصد مقامی فنکارانہ صلاحیتوں کو حوصلہ فراہم کرنا تھا ۔جی او سی کلو فورس نے اپنے ریمارکس کے دوران کشمیری ثقافتی ورثے کے تحفظ اور نوجوانوں کو اپنی صلاحیتوں کے اظہار کے لیے پلیٹ فارم فراہم کرنے کی اہمیت پر زور دیا۔
انہوں نے تقریب کے انعقاد میں شامل افراد کی تعریف کی اور مقامی فنکار برادری کی مسلسل ترقی کی حوصلہ افزائی بھی کی۔کئی ابھرتے ہوئے گلوکار فائنل میں پہنچے، اور حاضرین نے جیتنے والوں اور شرکاء کو مبارکباد دی۔ اس موقع پر اے ڈی ڈی سی بانڈی پورہ، ایس ایس پی بانڈی پورہ، سی او 14 آر آر، پدم شری فیصل علی کے علاوہ بانڈی پورہ کے بہت سے معزز شہری موجود تھے۔