بڈگام (جموں کشمیر) : شیعہ تنظیم انجمن شرعی شیعان کے صدر آغا سید حسن الموسوی نے پاکستان کے پارہ چنار علاقے میں شیعہ برادری کے خلاف ہو رہے مبینہ تشدد کی سخت الفاظ میں مذمت کی۔ وسطی کشمیر کے بڈگام ضلع میں مرکزی امام بارگاہ میں نماز جمعہ کے خطبہ کے دوران آغا سید حسن نے شیعہ برادری کے پر ہو رہے مظالم پر پاکستان کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا۔
شیعہ لیڈر نے کہا: ’’یہ حملے جس طرح سے ہو رہے ہیں، ایسا لگتا ہے کہ پہلے سے ہی اس کے لیے منصوبہ بنایا گیا تھا۔‘‘ انہوں نے اس حوالہ سے پاکستانی حکومت کو بھی سخت تنقید کا نشانہ بنایا: ’’پاکستانی حکومت اس پر خاموش بیٹھی جو کہ کافی مایوس کن ہے۔‘‘ انہوں نے پاکستانی حکومت پر زور دیتے ہوئے ’’پارہ چنار کے قتل عام پر خاموشی توڑنے اور شیعوں کی حفاظت کے لیے پختہ اور سنجیدہ اقدامات‘‘ اٹھائے جانے کی اپیل کی۔
واضح رہے کہ پاکستانی دارالحکومت اسلام آباد سے قریب پانچ سو کلومٹر کی دوری پر واقع پارہ چنار نامی علاقے میں دو دیہات کے مابین ایک زمین پر تنازعہ پر تشدد شکل اختیار کر گیا اور اس میں تین درجن سے زائد افراد ہلاک اور ڈیڑھ سو کے قریب شدید زخمی ہو گئے۔ پارہ چنار میں ہوئی ہلاکتوں کی ایران نے بھی مذمت کی جس پر پاکستان نے ایران کے بیان کو ’’غیر ضروری‘‘ قرار دیا۔
یہ بھی پڑھیں: پاکستانی حکومت کے خلاف دستخطی مہم