اننت ناگ (جموں کشمیر): جنوبی کشمیر کے ضلع اننت ناگ میں آج کانگریس کی جانب سے ایک بڑے عوامی جلسے کا انعقاد عمل میں لایا جا رہا ہے، جس میں کانگریس کے صدر ملکارجن کھرگے، اے آئی سی سی جموں کشمیر انچارج بھارت سن سولنکی، جموں کشمیر پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر طارق حمید قرہ، آل انڈیا کانگریس کمیٹی کے جنرل سیکریٹری غلام احمد میر، نیشنل کانفرنس کے صدر ڈاکٹر فاروق عبداللہ سمیت دیگر کئی سینئر رہنما شرکت کریں گے۔
اس جلسے میں ضلع اننت ناگ کے مختلف علاقوں سے وابستہ نیشنل کانفرنس اور کانگریس کے ورکروں کی ایک بڑی تعداد کی موجودگی متوقع ہے، اس سلسلہ میں اننت ناگ میں سکیورٹی کے زبردست انتظامات کئے گئے ہیں۔ این سی اور کانگریس کی جانب سے مشترکہ طور منعقد ہونے والا یہ پہلا جلسہ ہوگا۔ اس سے چند روز قبل ڈورو میں راہل گاندھی کی قیادت میں ایک بڑا عوامی اجتماع منعقد کیا گیا تھا۔
اس جلسہ میں کانگریس اور این سی کے سرکردہ رہنما عوامی اجتماع سے خطاب کریں گے اور جموں کشمیر کے تئیں انڈیا الائنس کی حکمت عملی اور منشور کے بارے میں لوگوں کو آگاہ کریں گے۔ کانگریس عام طور پر جموں کشمیر کو ریاست کا درجہ دینے اور بے روزگاری کے خاتمے پر زور دے رہی ہے۔
ضلع اننت ناگ ضلع کے سات اسمبلی حلقوں میں این سی اور کانگریس اتحادی طور (سیٹ شیئرنگ) ساتوں حلقوں میں انتخابات لڑ رہے ہیں۔ دو حلقوں میں کانگریس جبکہ دیگر پانچ پر این سی کے امیدوار میدان میں ہیں۔ جموں و کشمیر کے دونوں صوبوں - کشمیر اور جموں - میں 24 اسمبلی حلقوں میں پہلے مرحلے میں 18 ستمبر 2024 کو انتخابات ہونے جا رہے ہیں۔ کشمیر ڈویژن میں اننت ناگ، پلوامہ، شوپیاں، کولگام اضلاع شامل ہیں اور جموں ڈویژن میں ڈوڈہ، رام بن اور کشتواڑ اضلاع۔
کشمیر ڈویژن میں 16 اسمبلی حلقے شامل ہیں جن میں پانپور، ترال، پلوامہ، راج پورہ، زینہ پورہ، شوپیاں، ڈی ایچ پورہ، کولگام، دیوسر، ڈورو، کوکرناگ (ایس ٹی)، اننت ناگ ویسٹ، اننت ناگ 44 سری گفوارہ-بجبہاڑہ، شانگس-اننت ناگ ساوتھ۔ جموں ڈویژن میں 8 اسمبلی حلقے بشمول اندروال، کشتواڑ، پاڈر ناگسینی، بھدرواہ، ڈوڈہ، ڈوڈہ ویسٹ، رام بن اور بانہال میں 18 ستمبر کو اسمبلی الیکشن شیڈول کے پہلے مرحلے میں پولنگ ہوگی۔ تیسرے اور آخری مرحلے کی ووٹنگ یکم اکتوبر کو ہوگی جبکہ نتائج کا اعلان آٹھ اکتوبر کو کیا جائے گا۔
یہ بھی پڑھیں: میں نے کبھی مذہب کے نام پر سیاست نہیں کی، عمر عبداللہ - JK assembly election 2024