سرینگر: راہل گاندھی اور ملکارجن کھرگے دورۂ جموں و کشمیر کے موقعے پر پارٹی لیڈران و کارکنان سے میٹنگ کے بعد میڈیا سے خطاب کیا۔ اس دوران کانگریس کے دونوں سینئر رہنماؤں نے جموں وکشمیر میں اسمبلی انتخابات کی تیاریوں اور دیگر پارٹیوں کے ساتھ اتحاد کے سلسلے میں میڈیا کے سامنے اپنی بات رکھی۔
کھرگے کا میڈیا سے خطاب
کانگریس صدر ملکارجن کھرگے نے کہا کہ پارٹی لیڈران و کارکنان کے ساتھ میٹنگ میں ہم نے انتخابات سے قبل اتحاد کے تعلق سے مقامی رہنماؤں اور کارکنان کی رائے جاننے کی کوشش کی۔ کھرگے نے کہا کہ راہل گاندھی اتحاد کے ساتھ الیکشن لڑنے میں دلچسپی رکھتے ہیں۔ اسی کے ساتھ انہوں نے پارلیمانی انتخابات کے دوران جموں و کشمیر میں انڈیا اتحاد کی کامیابی کا خاص طور سے ذکر کیا۔
انہوں نے لوک سبھا انتخابات 2024 پر بات کرتے ہوئے کہا کہ آج مضبوط اپوزیشن اور انڈیا اتحاد کی وجہ سے بی جے پی بے چین ہے۔ اسی کے ساتھ کھرگے نے کہا کہ بی جے پی پارلیمنٹ میں کچھ بل لائی تھی لیکن لوک سبھا میں مضبوط اپوزیشن کی زبردست مخالفت کی وجہ سے اسے جے پی سی تشکیل دینا پڑا۔ گزشتہ انتخابات میں بی جے پی کو بھاری اکثریت ملی تھی جس کی وجہ سے وہ ایسے قوانین لائی جو عوام اور کسان مخالف تھے۔
انہوں نے جموں و کشمیر میں بی جے پی کی کارکردگی پر سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ بی جے پی نے جموں و کشمیر کے لوگوں سے جو وعدے کیے تھے، ان میں سے ایک بھی وعدہ آج تک پورا نہیں کیا۔ ہم جموں و کشمیر کو ریاست کا درجہ دیں گے۔ ہم اس بات کا وعدہ کرتے ہیں اور ہم اس کے لیے کام بھی کر رہے ہیں۔
بی جے پی نے ایک ریاست کا درجہ گھٹا کر اسے یو ٹی میں بدل دیا جہاں لوگوں کو کوئی حق نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر میں انتخابات کا اعلان سپریم کورٹ کی ہدایت کی وجہ سے گیا ہے۔
کانگریس صدر نے مزید کہا کہ بی جے پی یہاں کامیاب نہیں ہوگی۔ وہ یہاں کے عوام کی آواز کو نہیں دبا سکتی۔ کانگریس عوام کے ساتھ کھڑی رہے گی اور ہم جموں و کشمیر کے لوگوں کی امنگوں اور حقوق کے لیے لڑیں گے۔ کانگریس جموں و کشمیر کی زمین اور یہاں کے وسائل چھیننے کی اجازت نہیں دے گی۔ ہم جموں و کشمیر کے لوگوں کے ساتھ ان کے حقوق کے لیے لڑیں گے۔
اسی کے ساتھ کھرگے نے وعدہ کیا اگر ہم جموں وکشمیر میں حکومت بناتے ہیں تو ہم جموں و کشمیر میں روزگار پیدا کریں گے، باغبانی اور دیگر وسائل کی حفاظت کریں گے اور صنعتی ترقی کے راستے پیدا کریں گے۔
- راہل گاندھی کا خطاب
کھرگے کے بعد راہل گاندھی نے میڈیا سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جموں و کشمیر کی ریاست کا درجہ جلد از جلد بحال کرنا کانگریس پارٹی کی ترجیح ہے۔ انہوں نے کہا کہ انتخابات نزدیک ہیں اور ہم امید کر رہے ہیں کہ ریاست کی حیثیت بحال ہو جائے گی۔
انہوں نے بی جے پی کی جانب سے ریاست کو یوٹی میں تبدیل کرنے کے فیصلے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ آزادی کے بعد پہلی بار کوئی ریاست یو ٹی بنی ہے۔ اسی کے ساتھ انہوں نے کہا کہ ہم نے اپنے منشور میں واضح طور پر لکھا ہے کہ جموں و کشمیر اور لداخ کے لوگوں کو ان کے جمہوری حقوق واپس ملیں۔ راہل گاندھی نے مزید کہا کہ آپ (کشمیری عوام) ایک مشکل دور سے گزر رہے ہیں۔ ہم اس مشکل سے نکالنا چاہتے ہیں۔
واضح رہے کہ اس دوران میڈیا نمائندوں کی جانب سے کانگریس کے دونوں سینئر رہنماؤں سے کسی بھی طرح کا کوئی سوال نہیں کیا۔