اننت ناگ: گورنمنٹ میڈیکل کالج اننت ناگ میں ایم بی بی ایس مکمل کرنے والے پہلے بیچ کے لئے ایک اعزازی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ 100 طلبہ پر مشتمل بیچ نے 2019 میں میڈیکل کالج اننت ناگ میں ایم بی بی ایس کے لئے داخلہ لیا تھا۔ ڈگری مکمل کرنے کے بعد 100 نئے اسٹوڈنٹس پر مشتمل بیچ دوم کا داخلہ بھی مکمل ہوگیا ہے۔ ایم بی بی ایس مکمل کرنے والے اور نئے داخلہ پانے والے اسٹوڈنٹس کے اعزاز میں ایک پر وقار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔
غور طلب ہو کہ تقریب میں ایڈمنسٹریٹو سکریٹری ہیلتھ اینڈ میڈیکل ایجوکیشن ڈاکٹر سید عابد رشید شاہ نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ جبکہ اس موقع پر جی ایم سی اننت ناگ کے سابق پرنسپل ڈاکٹر شوکت جیلانی، ڈاکٹر سید طارق قریشی اور موجودہ پرنسپل ڈاکٹر انجم فرحانہ، پرنسپل جی ایم سی بارہمولہ ڈاکٹر روبی ریشی پرنسپل جی ایم سی ہندوارہ اور سرینگر ڈاکٹر عفت حسن بھی اس موقع پر موجود رہی۔
وہیں جی ایم سی اننت ناگ کے مختلف شعبہ جات سے وابستہ ڈاکٹرس، فیکلٹی ممبران، پیرا میڈیکل اور میڈیکل طلبہ کی کثیر تعداد بھی موجود رہی۔ اس موقع پر طلبہ کی جانب سے مختلف کلچرل پروگرام بھی پیش کیے گئے، جس دوران حاضرین محظوظ ہوئے۔
تقریب کے دوران مہمانان خصوصی نے جی ایم سی اننت ناگ انتظامیہ کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے، جی ایم سی کی کارکردگی کو سراہا۔ جبکہ ایم بی بی ایس مکمل کرنے والے بیچ کی حوصلہ افزائی کی گئی اور مبارکباد پیش کی گئی۔ وہیں نیا داخلہ پانے والے طلبہ کا بھی خیر مقدم کیا گیا۔
اس موقع پر مہمان خصوصی کے طور پر موجود ڈاکٹر سید عابد رشید نے اپنے تقریر کے دوران جی ایم انتظامیہ اور طلبہ کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے، کہا کہ یہ صرف جی ایم سی اننت ناگ نہیں بلکہ پورے طبی شعبہ کے لئے فخر کی بات ہے۔ انہوں نے کہا کہ جی ایم سی ایک اعلی طبی ادارہ ہے جو نہ صرف عوام کی طبی خدمات کے لئے بلکہ میڈیکل ایجوکیشن میں ایک اہم کردار ادا کر رہا ہے۔
یہ بھی پڑھیں:
- ورلڈ مینٹل ہیلتھ ڈے کے حوالے سے جی ایم سی اننت ناگ میں تقریب
- اننت ناگ لوک سبھا سیٹ الیکشن: ریٹرنگ آفیسر اننت ناگ کی امیدواروں کے ساتھ میٹنگ
واضح رہے کہ تقریب کے دوران شیرل سلیم کو "اسٹوڈنٹ آف دی ایئر" کے خطاب سے نوازا گیا، جبکہ میر وجاہت، قیصر ہلال، محمد عمیر، رومانہ میر اور رخشندہ خورشید کو "آل راؤنڈر"، "بہترین گلوکارہ" کے اعزازات سے نوازا گیا۔ فاروق اور حارث مہراج کو ’’ایتھلیٹ آف دی ایئر‘‘ کے ایوارڈ سے نوازا گیا۔