سرینگر: جموں و کشمیر وقف بورڈ اس وقت تنازعات کے گھیرے میں آ گیا جب بورڈ کی جانب سے عارضی طور پر ایگزیکٹو افسران کی تقرری کے فیصلے پر سیاسی مداخلت کے الزامات عائد کیے گئے۔ ان تقرریوں کے حوالہ سے 27 فروری، 2024ء کو بورڈ کی جانب سے جاری کردہ حکم نامہ 04/پی ایس/جے کے ڈبلیو بی کی نیشنل کانفرنس (این سی) نے سخت تنقید کی ہے۔ پارٹی کے ترجمان اعلیٰ تنویر صادق نے تقرریوں میں شفافیت کی کمی اور اپائنٹ کیے گئے افراد کی قابلیت اور ان کی سیاسی وابستگیوں پر سوال اٹھائے ہیں۔
مرکزی وقف ایکٹ 1995ء کی دفعہ 38 کے تحت منعقدہ نویں بورڈ اجلاس کے بعد جاری کردہ حکم نامہ میں اننت ناگ، کولگام، شوپیاں، کپوارہ اور بارہمولہ اضلاع کے لیے چھ ماہ کی عارضی مدت کے لیے ایگزیکٹو افسران کی تقرری کو منظوری دی گئی ہے۔ این سی ترجمان تنویر صادق نے اس عمل پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا: ’’امام، خطیب اور مؤذن جیسے عہدوں کے لیے متعین کردہ معیارات پر عمل نہیں کیا گیا۔‘‘ انہوں نے اس عمل کو ’’غیر شفاف‘‘ قرار دیتے ہوئے وقف بورڈ پر یہ الزام عائد کیا کہ ’’مقرر کردہ ایگزیکٹو افسران کی قابلیت ناکافی ہے اور ان کا ’ناقابل‘ ہونا ہی ان کی واحد قابلیت معلوم ہوتی ہے۔‘‘
صادق نے حیرانگی کا اظہار کرتے ہوئے کہا: ’’وقف بورڈ میں دینی اسکالرز، ماہرین اور باعتماد لوگوں کی موجودگی کے باوجود یہاں ایگزیکٹو افسران کی ایک فہرست ہے جن کی واحد قابلیت ان کی ’نا اہلیت‘ معلوم ہوتی ہے۔ بی جے پی اپنے کارکنوں کو جادوئی طور پر ماہرین بنا دیتی ہے۔ اور یہ کیسی افسوسناک بات ہے!‘‘ واضح رہے کہ جموں و کشمیر وقف بورڈ کے حکم نامہ کے مطابق محمد رفیق وانی ولد غلام محمد وانی، ساکنہ نیپورہ، انن تناگ کو ضلع اننت ناگ کے لیے ایگزیکٹو افسر کے طور پر مقرر کیا گیا ہے۔ اسی طرح عابد حسین خان ولد اسد اللہ خان ساکن بونی گام، کولگام کو ضلع کولگام کے لیے ایگزیکٹو افسر کے طور پر نامزد کیا گیا ہے۔ جاوید احمد قادری ولد غلام احمد قادری ساکنہ مشوورہ، شوپیاں کو ضلع شوپیاں کے لیے ایگزیکٹو افسر کے طور پر مقرر کیا گیا ہے۔
مزید پڑھیں: Waqf Board Logo: جموں وکشمیر وقف بورڈ کے 'لوگو' کی نقاب کشائی
وقف بورڈ کی جانب سے جاری کیے گئے حکم نامہ کے مطابق محمد گلزار لون ولد عبد الخالق لون ساکنہ سونتی پورہ، کپورہ کو ضلع کپوارہ کے لیے ایگزیکٹو افسر بنایا گیا ہے۔ اس کے علاوہ زاہد عبدالغنی لون ولد غلام رسول لون، ساکن شیری، بارہمولہ کو ضلع بارہمولہ کا ایگزیکٹو افسر بنایا گیا ہے۔ آرڈ میں مزید کہا گیا ہے کہ جموں و کشمیر وقف بورڈ ان ایگزیکٹو افسران کی سرگرمیوں کی نگرانی کرے گا۔ تاہم ناقدین کا یہ کہنا ہے کہ ’’اگرچہ یہ پوسٹ غیر سرکاری اور عارضی ہیں، لیکن تمام مقرر کردہ افراد کا بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے ساتھ تعلق ہے۔‘‘