کپوارہ (جموں کشمیر) : سرحدی ضلع کپوارہ میں طلباء کو ان کے کریئر اور مختلف کالجز اور یونیورسٹیز میں کورسز، داخلوں کے سلسلے میں مشاورت اور رہنمائی فراہم کرنے کے لیے بھارتی فوج نے ضلع انتظامیہ کے اشتراک سے گورنمنٹ بائز ہائی اسکول، ہندوارہ میں ایک میگا ایجوکیشن فیسٹول ’’ایڈو فیسٹ 2024" کا انعقاد عمل میں لایا۔ ایجوکیشن فیسٹیول میں ضلع انتظامیہ، فوج اور پولیس کے افسران سمیت خاصی تعداد میں طلبہ و طالبات اور والدین نے بھی شرکت کی۔
منتظمین کے مطابق ’’بائز ہائر سیکنڈری سکول میں منعقدہ ایڈو فیسٹ 2024 کا انعقاد شمالی کشمیر کے طلباء کو ملک بھر کے معروف کالجوں اور یونیورسٹیز کے ذریعے پیش کردہ مختلف کورسز میں مختلف کریئر اور داخلوں کے بارے میں جاننے کے لئے ایک پلیٹ فارم فراہم کرنے کے لئے کیا گیا تھا۔‘‘ پنجاب، چندی گڑھ، ہماچل پردیش، دہلی، بنگلور اور دہرادون کے 30 سے زائد کالجوں کے نمائندوں نے اس تقریب میں حصہ لیا اور کیرئیر کاؤنسلنگ فراہم کی۔ کالجز کی جانب سے مستحق طلباء کو وظائف وغیرہ کے بارے میں بھی جانکاری دی۔ طلباء نے کہا کہ ’’اسکالرشپ سے ان طلباء کو کافی فائدہ پہنچے گا جنہوں نے 12ویں کلاس کے امتحانات پاس کیے ہیں اور وہ مختلف شعبوں میں اعلیٰ تعلیم کے خواہشمند ہیں۔‘‘
مقامی باشندوں نے فیسٹیول کے انعقاد پر انتظامیہ، فوج کی سرائش کی۔ پروگرام میں ہندوارہ، ماور قلم آباد، راجوار، قاضی آباد، رفیع آباد، سوپور اور شمالی کشمیر کے دیگر حصوں کے طلباء اور ان کے والدین نے بھی حصہ لیا۔ طلباء، مختلف قسم کے کریئر کے اختیارات کو دیکھ کر کافی پرجوش نظر آ رہے تھے۔ اس موقع پر مہمان خصوصی ڈپٹی کمشنر کپوارہ، آیوشی سودن کے علاوہ چیئرمین ضلع ترقیاتی کونسل (ڈی ڈی سی) عرفان سلطان پنڈت پوری، ایس ایس پی ہندوارہ نے بھی طلبہ سے خطاب کیا جبکہ اے ڈی سی ہندوارہ، تحصیلدار ہندوارہ، چیف ایجوکیشن آفیسر کپوارہ، ڈی ڈی سی راجوار، ماور کے علاوہ دیگر اعلیٰ عہدیداروں نے بھی فیسٹیول میں شرکت کی۔
یہ بھی پڑھیں: جموں و کشمیر بورڈ میں مضامین کی تبدیلی کے قواعد میں ترمیم - Jammu and Kashmir Board