بانڈی پورہ (جموں کشمیر) : نیشنل کانفرنس (این سی) کے نائب صدر اور جموں و کشمیر کے سابق وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے مرکزی وزیر داخلہ کے دورہ کشمیر پر تاثرات بیان کرتے ہوئے کہا: ’’بی جے پی کا کوئی بھی امیدوار یہاں الیکشن نہیں لڑ رہا ہے۔ اگر وہ دعویٰ کر رہے ہیں کہ وادی کشمیر میں امن و امان کا دور دورہ ہے تو وہ کشمیر سیکورٹی کا معائنہ کرنے کے لیے کیوں آئے؟‘‘
ان باتوں کا اظہار سابق وزیر اعلیٰ نے شمالی کشمیر کے شیر کشمیر اسٹیڈیم، بانڈی پورہ میں پارٹی ورکرز کنونشن کے حاشیہ پر نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے مرکزی حکومت خاص کر امیت شاہ کی جانب سے سرینگر میں ووٹنگ فیصد کو امن اور خوشی کے ساتھ جوڑنے کی مذمت کرتے ہوئے کہا: ’’بی جے پی کا دعویٰ ہے کہ یہاں کے لوگ خوش ہیں، اسی لیئے انہوں نے ووٹ ڈالے۔ لوگ خوش نہیں بلکہ ناراض ہیں اسی لئے اپنی ناراضگی ووٹوں کے ذریعے ظاہر کی۔‘‘
گپکار الائنس (پی اے جی ڈی) کے بارے میں انہوں نے کہا: ’’گپکار اتحاد اب بھی برقرار ہے۔ پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی نے خود کو PAGD سے الگ کر لیا ہے جو ان کا اپنا فیصلہ تھا، ایک پارٹی کے چلے جانے سے اتحاد کمزور نہیں ہو سکتا۔‘‘ انہوں نے پی ڈی پی اور اس کی صدر محبوبہ مفتی کی مذمت کرتے ہوئے کہا اس پارٹی کے سال 2014سے قبل ہی بی جے پی کے ساتھ تعلقات تھے جس کا اعلان الطاف بخاری نے اس وقت کیا جب وہ پی ڈی پی کابینہ میں وزیر تھے۔
یہ بھی پڑھیں: مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ سرینگر میں، سیکورٹی صورتحال کا جائزہ لیں گے - Amit Shah Reaches Srinagar