اننت ناگ: آل انڈیا کانگریس کمیٹی (اے آئی سی سی) کے ترجمان ڈاکٹر شکیل احمد خان نے ای ٹی وی بھارت سے خصوصی گفتگو کے دوران کہا کہ نیشنل کانفرنس اور کانگریس کے اتحاد کو عوام کی حمایت حاصل ہے، اس اتحاد کے قائم کرنے کا مقصد جموں کشمیر کی عوام کو راحت پہنچانا ہے، کیونکہ ملک سمیت خاص کر جموں کشمیر کے لوگوں نے گزشتہ دس برسوں کے دوران بی جے پی کی حکمرانی میں بہت کچھ جھیلا ہے، اتحادی حکومت جموں کشمیر میں امن اور ترقی کی راہیں کھول دے گی اور جموں کشمیر کو ریاست کا درجہ دینا ان کا پہلا قدم ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ بی جے پی نے پورے جموں وکشمیر میں افراتفری کا عالم پیدا کیا ہے، مسائل بہت ہیں ان مسائل کو حل کرنے کے لئے ہمدردانہ رویہ کی ضرورت ہے جو این سی اور کانگریس کے اتحاد میں مضمر ہے۔ کانگریس کے سینئر رہنما وقار رسول وانی کے بیان سے متعلق پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ، دونوں پارٹیوں نے بہ اتفاق رائے اور اعتماد کے ساتھ الائنس کو قائم کیا ہے، کسی کو بھی اس میں اپنی بیان بازی سے رخنہ ڈالنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ خان نے کہا کہ معاملہ کو سنجیدگی سے لیا گیا ہے اور اس پر غور کیا جا رہا ہے تاکہ یہ پتہ لگایا جا سکے کہ وقار رسول وانی نے کس تناظر میں وہ بیان دیا تھا اور اس کے پیچھے ان کا مقصد کیا تھا۔
پی ڈی پی کی صدر محبوبہ مفتی نے ایک بیان میں کہا تھا کہ اتحاد اصولوں پر مبنی نہیں ہے، یہ صرف سیاسی مفادات کے لئے قائم کیا گیا ہے، اس کے رد عمل میں ڈاکٹر شکیل احمد خان نے کہا کہ ان لوگوں کو اصول پرستی کی بات نہیں کرنی چاہئے جنہوں نے خود اصولوں کی دھجیاں اڑائی ہوں، جب پی ڈی پی نے بی جے پی کے ساتھ ہاتھ ملایا تھا تو اس وقت ان کے اصول کہاں گئے تھے؟۔ خان نے کہا کہ انہوں نے ایک چیلنج لیا ہے اور انہیں امید ہے کہ لوگ ضرور انڈیا اتحاد کا ساتھ دے کر جموں وکشمیر میں ایک ٹھوس حکومت قائم کرنے کا موقع دیں گے۔