جموں (جموں کشمیر) : چیف الیکٹورل آفیسر، جموں و کشمیر کے دفتر میں لوک سبھا انتخابات 2024 کے دوران مرکز کے زیر انتظام علاقے میں جعلی خبروں، افواہوں کے معاملات پر نظر رکھنے کے لیے ’’نرواچن بھون، جموں‘‘ میں ایک اعلیٰ سطح کا کمانڈ اینڈ کنٹرول سنٹر قائم کیا گیا ہے۔ وہیں اس سنٹر میں پہلے مرحلے کے تحت منعقد ہونے والے انتخابات خاص کر پولنگ بوتھ کی نگرانی بھی کی جا رہی ہے۔
جموں کا یہ مرکز جدید ترین انفراسٹرکچر سے لیس ہے اور چوبیس گھنٹے کام کرتا ہے، جعلی یا پیڈ نیوز کے کسی بھی مشتبہ معاملے کے خلاف سخت اور فوری کارروائی کو یقینی بناتا ہے۔ یہ مرکز لوک سبھا انتخابات 2024 کے لیے اعصابی مرکز کے طور پر کام کر رہا ہے، جس سے مرکز کے زیر انتظام علاقے میں نگرانی کے طریقہ کار کو مزید تقویت ملے گی۔ فی الحال یہ مرکز 21 قومی ٹی وی چینلز اور 6 مقامی ٹی وی چینلز کی نگرانی کر رہا ہے تاکہ غلط معلومات پھیلانے کی کسی بھی کوشش سے جلد نمٹا جا سکے۔
میڈیا نیٹ ورکس کے علاوہ، کمانڈ سینٹر سوشل میڈیا چینلز اور اکاؤنٹس پر بھی کڑی نظر رکھے ہوئے ہے تاکہ جعلی خبروں، افواہوں وغیرہ کے پھیلاؤ کو روکا جا سکے۔ یاد رہے کہ ملک کے دیگر حصوں کی طرح 19 اپریل کو جموں کشمیر کی ادھپور کٹھوعہ انتخابی نشست کے لیے پہلے مرحلے کے تحت کل یعنی جمعہ 19اپریل کو ووٹنگ ہوگی۔
یہ بھی پڑھیں: پر امن انتخابات کے انعقاد کے لیے انتظامیہ پر عزم: پی کے پولے - Lok Sabha Elections 2024