بانڈی پورہ (جموں و کشمیر): سابق ایم ایل سی اور عوامی اتحاد پارٹی کے سوناوڑی حلقہ سے امیدوار یاسر ریشی نے بدھ کے روز کہا کہ کشمیری عوام کو گزشتہ پانچ سالوں سے جن تکالیف کا سامنا ہے، اس کے لیے اسمبلی انتخابات میں اکٹھے ہونے کی ضرورت ہے۔
نادی ہل، بانڈی پورہ میں ورکرز کنونشن کے موقع پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے، یاسر ریشی نے کہا کہ انتخابات کا بائیکاٹ اور پتھراؤ اب کشمیر میں ایک تاریخ ہے، لوگوں کو اب جمہوریت پر بھروسہ ہے اور وہ جانتے ہیں کہ یہ اپنی آواز بلند کرنے کا واحد اور سب سے بہتر طریقہ ہے۔
یاسر ریشی نے کہا کہ حریت ہمیشہ مذاکرات سے دور رہی، کیونکہ وہ پاکستان اور امریکہ کی ہدایت پر چل رہے تھے، وہ اُس وقت بات چیت سے باہر رہے جب سابق پی ایم نے کہا تھا کہ ان کے مطالبات کی حد آسمان ہے لیکن انہوں نے کبھی ایسا نہیں کیا۔
یہ بھی پڑھیں:
انہوں نے مزید کہا کہ کشمیر کے مسائل بات چیت سے ہی حل ہوں گے جس کے لیے ضروری ہے کہ عوام اپنے نمائندوں کا انتخاب کرے اور جمہوریت میں حصہ لے۔ انہوں نے کہا کہ لوگ کشمیر کے روایتی سیاست دانوں سے اب تبدیلی چاہتے ہیں جو پارلیمنٹ کے انتخابات میں ثابت ہوا جب انہوں نے سابق وزیر اعلیٰ کے خلاف جیتنے میں عوامی اتحاد پارٹی کی پر زور انداز میں حمایت کی اور اپنے پسندیدہ امیدوار کو جیت سے ہمکنار کیا۔