منڈی: ضلع پونچھ کی تحصیل منڈی کی نورانی جامع مسجد شریف اعلی پیر راجپورہ منڈی میں تکمیل حفظ قرآن کی مناسبت سے ایک دعائیہ مجلس کا اہتمام کیا گیا۔ جہاں مدرسہ رضائے مصطفی منڈی کے زیر اہتمام حضرت مولانا سید شاہد حسین بخاری کی قیادت میں مختصر دعائیہ مجلس کا اہتمام کیا گیا۔ جس میں منڈی تحصیل کے مختلف مقامات سے علماء کرام نے شرکت کی۔ جبکہ ان کے علاوہ علاقہ کے معززین بھی منعقدہ مجلس میں شریک ہوئے۔
اس موقع پر مدرسہ رضائے مصطفی منڈی کے چار خوش نصیب طلبہ کو قرآن پاک حفظ کرنے پر ہار پہنا کر انہیں مبارک باد پیش کی گئی اور ان کی حوصلہ افزائی کی گئی۔ اس موقع پر علماء کرام و معززین نے مدرسہ رضائے مصطفی منڈی کے علماء کرام و اراکین کو مبارک باد پیش کرتے ہوئے ادارے میں طلبہ کو بہترین دینی خدمات فراہم کرنے اور ان کی قابل ستائش کاوشوں پر مدرسہ رضائے مصطفی اعلی پیر راجپورہ منڈی کے تئیں نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔
اس کے علاوہ علماء کرام کی جانب سے مجلس کے اختتام پر ایک پریس کانفرنس کا اہتمام کیا گیا۔ جس دوران علماء کرام نے آئندہ بدھ اور جمعرات کو جالیاں کے مقام پر حضرت سلطان العارفین کے سالانہ عظیم الشان عُرس پاک میں جوک در جوک شریک ہونے کے لیے عوام الناس سے اپیل کی۔
واضح رہے کہ جالیاں میں منعقد ہونے جارہے عظیم الشان عُرس پاک میں وادی کشمیر سے نامور علماء کرام بھی شرکت فرما ہوں گے اور عوام الناس کو اپنے مفصل اور مدلل بیانات سے مستفید کریں گے۔