سرینگر (جموں کشمیر) : ایک مقامی عدالت نے ڈیلی ڈائری (ڈی ڈی) کی رپورٹس میں توہین آمیز زبان کا استعمال کرنے اور عدالتی احکامات کی خلاف ورزی کرکے عدالت کی عظمت کو مجروح کرنے پر کشتواڑ ضلع کے ڈسٹریکٹ مجسٹریٹ (ڈی ایم) اور سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس (ایس ایس پی) کو شوکاز (وجہ بتاؤ) نوٹس جاری کیا ہے۔
چیف جوڈیشل مجسٹریٹ (سی جے ایم) کشتواڑ نے 18 جولائی 2024 کو مویشیوں کی اسمگلنگ سے متعلق درج ایک کیس زیر ایف آئی آر نمبر 182 آف 2024 میں ملزم کی عدالتی ریمانڈ کی درخواست کو مسترد کر دیا۔ سی جے ایم نے ضمانت منظور کرتے ہوئے کہا کہ ’’اس مرحلے پر حراست کو عدالتی سے ضمانت میں تبدیل کیا جا سکتا ہے۔‘‘
ضمانت کے فیصلے کے بعد، حکام نے مبینہ طور پر ایک ملزم کو پبلک سیفٹی ایکٹ (پی ایس اے) کے تحت نظر بند رکھ کر عدالت کے حکم کو نظرانداز کرنے کی کوشش کی عدالت نے نوٹ کیا کہ پولیس کی طرف سے ڈی ڈی کی رپورٹس میں ’’ضمانت کے فیصلے کے حوالے سے عوام میں شدید عدم اطمینان‘‘ کا اشارہ ملتا ہے۔ جبکہ ڈی ڈی میں یہ بھی لکھا گیا ہے کہ (ضمانتی فیصلے سے) امن و امان کے ممکنہ مسائل درپیش ہو سکتے ہیں جبکہ ملزم کی رہائی پر عوامی غم و غصے کو بیان کرتے ہوئے دعویٰ کیا گیا کہ اس سے احتجاج یا فسادات ہو سکتے ہیں۔
عدالت نے 19 جولائی اور 22 جولائی 2024 کی دو مخصوص ڈی ڈی رپورٹوں پر روشنی ڈالی، جس میں ان خدشات کی بازگشت کی گئی تھی کہ ملزم کی رہائی سے ہندو برادری میں بدامنی پھیل سکتی ہے اور عوامی خلل پیدا ہو سکتا ہے۔ 9 جولائی اور 21 جولائی 2024 کی رپورٹس کے ایک اور سیٹ نے بھی ضمانت کے فیصلے اور ملزم پر عوامی ناراضگی کا اظہار کیا ہے۔
سی جے ایم نے ان ڈی ڈی رپورٹس کی تخلیق پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ’’ان کا مقصد عدالتی عمل کو کمزور کرنا ہے۔‘‘ عدالت نے نشاندہی کی کہ واقعے پر باقاعدہ قانون لاگو ہونا چاہیے اور جب تک ملزم کو مجرم نہیں پایا جاتا اس وقت تک مزید حراست جائز نہیں ہے۔ عدالت نے اس بات پر زور دیا کہ ’’ایسا لگتا ہے کہ ضلع انتظامیہ کے اقدامات تحقیقات کے تحت ایک معاملے میں عوامی پریشانی کو روکنے کے لیے اپنے اختیارات کا غلط استعمال کرتے ہیں۔‘‘
سی جے ایم محمود انور الناصر نے 2016 اے جی ایم یو ٹی بیچ کے آئی اے ایس آفیسر ڈاکٹر دیوانش یادو اور جے کے پی ایس 2001 بیچ کے ایس ایس پی ڪشتواڑ عبدالقیوم سے وضاحت طلب کی ہے اور شوکاز نوٹس جاری کیے ہیں، جس میں سوال اٹھایا گیا ہے کہ کیس کو ممکنہ مجرمانہ توہین کے لیے ہائی کورٹ میں کیوں نہیں بھیجا جانا چاہیے؟
یہ بھی پڑھیں: سب جج کے ساتھ پنگا ضلع مجسٹریٹ کو پڑا مہنگا - DC Ganderbal Vs Sub judge