سرینگر (جموں کشمیر): گرمائی دارالحکومت سرینگر میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے آل انڈیا کانگریس مہیلا مورچہ یعنی خواتین ونگ کی کانگریس صدر الکا لامبہ نے عام انتخابات کے نتائج پر اطمینان کا اظہار کیا۔ لامبہ نے کہا: ’’ملک کے عوام نے تاناشاہ بی جے پی کی تانا شاہی سرکار کا خاتمہ کیا اور اب ایسی بی جے پی کی سرکار بنی ہے جو اتحادیوں کی بیساکھیوں کے سہارے چلے گی۔‘‘ انہوں نے کہا کہ نئی حکومت عوام اور اپوزیشن کو اب جواب دہ ہوگی۔
الکا لامبہ نے جموں کشمیر کی خواتین آبادی کو بااختیار بنانے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ بی جے پی کی نئی سرکار کو جموں کشمیر میں اسمبلی انتخابات منعقد کرنے سے پہلے یہاں خواتین ریزرویشن لاگو کرنی چاہئے تاکہ یہاں کی خواتین بھی اسمبلی پہنچ کر خواتین کی نمائندگی کر سکیں۔ انہوں نے کہا کہ جموں کشمیر میں ستمبر کے اختتام سے قبل ہی اسمبلی انتخابات منعقد کرنے چاہئے تاکہ یہاں کے عوام کو نمائندگی مل سکے اور انکو انکی سرکار ملے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کو سپریم کورٹ کی پاسداری کرنی چاہئے۔
الکا لامبہ نے بی جے پی کو سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ’’بی جے پی نے جموں کشمیر کے حقوق چھینے ہیں، اور ایک ریاست کے ٹکڑے کئے۔ بی جے پی نے یہاں برسوں سے لوگوں کو اپنی سرکار سے محروم رکھا ہے اور گزشتہ کئی برسوں سے صدر راج نافذ العمل ہے۔‘‘ لامبہ نے مزید کہا کہ مہیلہ مورچہ کی جانب سے جموں کشمیر سمیت دیگر ریاستوں میں بھی اسمبلی انتخابات کے حوالہ سے تیاریاں شروع کر دی گئی ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: کیا ہوگا اگر نتیش اور نائیڈو پلٹ گئے؟ کیا ان کے بغیر بھی نریندر مودی حکومت بنا سکتے ہیں؟ - What if Nitish and Naidu Quit NDA