سرینگر (جموں کشمیر): جموں کشمیر اسمبلی انتخابات کے پیش نظر نیشنل کانفرنس (این سی) اور کانگریس کے درمیان سیٹوں کی تقسیم کے حوالے سے اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔ دونوں جماعتوں نے اتحاد کے تحت جموں کشمیر کی کل 90 اسمبلی نشستوں پر 85 سیٹوں پر مشترکہ امیدوار میدان میں اتارنے پر اتفاق کر لیا ہے۔ تاہم، 5 سیٹوں پر نیشنل کانفرنس اور کانگریس کے امیدوار ایک دوسرے کے خلاف انتخابات لڑیں گے۔
دونوں جماعتوں کے سینئر رہنماؤں کے درمیان کئی دنوں سے جاری بات چیت کے بعد یہ معاہدہ طے پایا ہے۔ اتحاد کی یہ کوشش جموں و کشمیر میں انتخابی ماحول کو مضبوط بنانے اور حریف سیاسی جماعتوں خاص کر بی جے پی کے خلاف ایک مؤثر حکمت عملی کے تحت کی گئی ہے۔ ذرائع کے حوالہ سے معلوم ہوا ہے کہ 85سیٹوں میں سے کانگریس کے حصہ میں 32 جبکہ نیشنل کانفرنس 51سیٹوں پر اپنے اپنے امیدوار میدان میں اتاریں گے جبکہ الائنس کے پارٹنرز ہرش دیو سنگھ (پینتھرس پارٹی) اور سی پی آئی (ایم) رہنما ایم وائی تاریگامی کو ایک ایک سیٹ دی گئی ہے۔ جبکہ پانچ سیٹوں پر این سی اور کانگریس کے مابین اتفاق نہ ہو سکا اور دونوں ایک جماعتیں ایک دوسرے کے مد مقابل امیدوار میدان میں اتاریں گی۔
قبل ازیں، کانگریس کے سینئر رہنما سلمان خورشید پیر کو کشمیر کے ہنگامی دورے پر آئے تھے اور انہوں نے کانگریس رہنماؤں کے ساتھ مشاورت کے بعد این سی کے صدر ڈاکٹر فاروق عبداللہ کے ساتھ گپکار، سرینگر میں واقع ان کی رہائش گاہ پر این سی لیڈران کے ساتھ کئی گھنٹوں تک بات چیت کی۔ بات چیت میں کانگریس اور این سی کے اعلیٰ رہنماؤں نے شرکت کی اور کئی گھنٹوں کی طویل گفت و شنید کے بعد پیر کی شام انہوں نے 85سیٹوں پر الائنس جبکہ پانچ نشستوں پر ایک دوسرے کے خلاف الیکشن لڑنے پر اتفاق کیا۔
میٹنگ کے بعد فاروق عبداللہ کی رہائش گاہ پر منعقدہ پریس کانفرنس کے دوران دونوں جماعتوں کے لیڈران نے ’’انڈیا‘‘ الائنس کو کامیاب بنانے کے اپنے عزم کا اظہار کرتے ہوئے اسے دونوں جماعتوں سمیت جموں و کشمیر کے لوگوں کے لیے نیک شگون قرار دیا۔ دونوں جماعتوں کے رہنماؤں نے بی جے پی کو سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا: ’’بی جے پی نے کشمیر کے لوگوں کے ساتھ دھوکہ کیا، انہوں نے ایک ریاست کو ختم کرکے اسے یو ٹی میں تبدیل کر دیا۔‘‘
واضح رہے کہ یہ اعلان اس وقت سامنے آیا ہے جب انتخابات کے پہلے مرحلے کے لیے نامزدگیوں کی آخری تاریخ قریب ہے، اور دونوں جماعتوں کے رہنما اپنی مشترکہ حکمت عملی کو حتمی شکل دینے میں مصروف ہیں۔ جموں کشمیر میں انتخابات تین مراحل میں 18اور 25ستمبر جبکہ آخری مرحلہ کے تحت یکم اکتوبر کو منعقد ہوں گے۔ پہلے مرحلے کے انتخابات کے لیے نامزدگی جمع کرنے کی آخری تاریخ منگل 27اگست ہے۔
یہ بھی پڑھیں: جموں میں بی جے پی کارکنان کا دفتر کے باہر ہنگامہ - Protest outside BJP office