سرینگر (نیوز ڈیسک) : شمالی کشمیر کے کپوارہ ضلع میں جموں کشمیر اور فوج کی مشترکہ ٹیم نے سرچ آپریشن کے دوران لائن آف کنٹرول (ایل او سی) کے نزدیک اسلحہ و گولہ بارود ضبط کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔ بھارتی فوج کے چنار کور نے سماجی رابطہ گاہ ایکس پر ایک پوسٹ کے ذریعے اس کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ فوج اور جموں کشمیر پولیس کو باوثوق ذرائع سے موصول ہونے والی ایک خفیہ خبر کے بعد کپوارہ ضلع کے ٹنگڈار، امروہی علاقے کو محاصرے میں لے لیا۔
فوج کا کہنا ہے کہ جموں و کشمیر پولیس اور فوج کی مشترکہ ٹیم نے 15مئی کو سرچ آپریشن شروع کیا اور محاصرے کے دوران دو پستول اور اسلحہ بھی ضبط کر لیا گیا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ اس آپریشن کے دوران پاکستان سے سرحد کے اِس پار آرہے دو دراندزوں کو بھی ہلاک کیا گیا ہے تاہم فوج یا پولیس نے ابھی تک اس کی تائید یا تردید نہیں کی ہے۔