سرینگر (جموں کشمیر) : حزب اختلاف سیاسی جماعت کانگریس نے حکمران جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) پر الزام عائد کیا ہے کہ آنے والے پارلیمانی انتخابات میں یہ ہمسایہ ممالک پاکستان اور بنگلہ دیش کی طرح الیکشن میں دھاندلیاں کرے گی۔ جموں کشمیر پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر وقار رسول نے کہا کہ ’’الیکشن سے قبل حکمران جماعت بی جے پی حریف سیاسی جماعتوں بالخصوص انڈیا لائنس سے وابستہ لیڈران کے خلاف ایجنسیز بشمول ای ڈی، این آئی اے کا استعمال کر رہی ہے تاکہ یہ لیڈران بی جے پی کی حمایت کریں۔‘‘ یاد رہے کہ پاکستان میں عمران خان کی سیاسی جماعت ’’پاکستان تحریک انصاف‘‘ (پی ٹی آئی) نے نواز شریف کی پی ایم ایل (این) اور بلاول زرداری کی پی پی اے پر الزام عائد کیا ہے کہ انہوں نے عام انتخابات میں دھاندلیاں کی ہے اور اب حکومت سازی کی تیاری کر رہے ہیں۔
وقار رسول نے منگل کو سرینگر میں پارٹی دفتر پر میڈیا نمائندوں کے ساتھ بات کرتے ہوئے کہا کہ کانگریس پارلیمانی انتخابات کے لئے تیاریاں کر رہی ہے اور آنے والے دنوں میں کانگریس پارٹی صدر ملک ارجن کھارگے جموں میں پارٹی لیڈران اور ذمہ داران کے ساتھ ایک روزہ اجلاس منعقد کرنے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس انڈیا الائنس کے ساتھ وابستہ سیاسی جماعتوں - نیشنل کانفرنس اور پی ڈی پی - کے ساتھ متحدہ انتخابات لڑنے کے لئے تیار ہے اور ان جماعتوں کے لیڈران کے ساتھ بھی جلد میٹنگ منعقد کی جائے گی۔
مزید پڑھیں: پارلیمانی انتخابات سے قبل مودی کا کشمیر دورہ متوقع
وقار رسول نے کہا کہ ’’حکمران جماعت بی جے پی نے انڈیا الائنس کے لیڈران بشمول ڈاکٹر فاروق عبد اللہ، جھارکھنڈ کے وزیر اعلیٰ ہیمنت سورین، بہار کے آر جی ڈی لیڈر تیجسوی یادو سمیت درجنوں لیڈران کے خلاف اینفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ کا استعمال کر رہی ہے تاکہ یہ لیڈران انڈیا الائنس سے نکل کر بی جے پی کی حمایت کریں۔ پہاڑیوں کو جموں کشمیر میں ایس ٹی ریزرویشن دینے پر وقار رسول نے کہا کہ ’’یہ مہم کانگریس نے شروع کی تھی لیکن اب بی جے پی ہی اس کا کریڈٹ لے کر سیاست کرنا چاہتی ہے۔‘‘