پلوامہ (جموں کشمیر): بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) مائنارٹی مورچہ کی جانب سے جنوبی کشمیر کے پلوامہ ضلع میں ایک پروگرام کا انعقاد کیا گیا۔ بی جے پی کے ضلع دفتر پلوامہ میں منعقدہ پروگرام میں ضلع کے کئی علاقوں سے آئے مائنارٹی مورچہ یونٹ، پلوامہ کے اراکین سمیت بی جے پی ضلع سطح کے لیڈران نے شرکت کی۔ منتظمین کے مطابق پروگرام کا بنیادی مقصد آئندہ پارلیمانی انتخابات کے لیے زمین سطح پر ٹیم کو تیار کرنا ہے۔ جب کہ پروگرام کے دوران ضلع پلوامہ کے مختلف علاقوں کے کئی نوجوان نوجوانوں نے بی جے پی میں شمولیت اختیار کی۔
مائنارٹی مورچہ پلوامہ کے ضلع صدر صہیب ایوب نے دعویٰ کیا کہ ضلع ٹیم آئندہ پارلیمانی انتخابات کے لیے تیار ہے اور بوتھ کو مضبوط بنانے کے لیے زمینی سطح پر کام کیا جا رہا ہے۔ پارٹی لیڈر لطیف احمد بٹ نے بھی دعویٰ کیا کہ جموں کشمیر میں بی جے پی مضبوط ہے اور آنے والے پارلیمانی انتخابات میں بی جے پی سبھی سیٹیں بڑے مارجن سے جیتے گی اور انہوں نے اعلیٰ قیادت سے جموں کشمیر کی سبھی سیٹوں کو پر بی جے پی امیدوار میدان میں اتارنے کی درخواست کی۔
ادھر، مائنارٹی مورچہ کے جنرل سکریٹری امتیاز احمد نے میڈیا نمائندوں کے ساتھ بات کرتے ہوئے کہا کہ وادی میں مائنارٹی مورچہ مضبوط ہے اور وادی میں اقلیتوں کے مفاد کے لیے زمینی سطح پر کام کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مورچہ آنے والے انتخابات کے لیے بہت محنت کر رہا ہے تاکہ جموں و کشمیر میں ہونے والے پارلیمانی انتخابات میں اپنا حصہ ادا کر سکے۔ پروگرام میں امتیاز احمد، صہیب ایوب، لطیف احمد بٹ کے علاوہ اوتار سنگھ ضلع جنرل سیکریٹری، حلقہ صدر پلوامہ راج محمد وانی اور پارٹی کے دیگر سینئر ممبران موجود تھے۔
یہ بھی پڑھیں: پلوامہ کے ٹاؤن ہال میں بی جے پی کا پروگرام منعقد