پلوامہ : ڈسٹرکٹ الیکشن آفیسر پلوامہ ڈاکٹر بشارت قیوم نے بتایا کہ ضلع میں آنے والے اسمبلی انتخابات کے لیے تمام تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں اور ضلع میں پرچہ نامزدگی داخل کرنے کا عمل شروع کر دیا گیا ہے۔ ضلع میں پہلے مرحلے کے تحت 18 ستمبر کو انتخابات ہونے جارہے ہیں۔ ڈی ای او پلوامہ ڈاکٹر بشارت قیوم نے بتایا کہ ضلع میں ماڈل کوڈ آف کنڈکٹ رواں ماہ کی 16 تاریخ سے نافذ کیا گیا ہے اور تمام 4 اسمبلی حلقوں میں انتخابات کے پرامن اور کامیاب انعقاد کے لئے تمام ضروری انتظامات کئے گئے ہیں۔
ڈی ای او پلوامہ ڈاکٹر بشارت قیوم نے بتایا کہ سخت حفاظتی انتظامات کے درمیان ضلع میں اسمبلی انتخابات میں حصہ لینے والے امیدواروں کے انتظامات کو حتمی شکل دی گئی ہے۔ ڈی ای او پلوامہ ڈاکٹر بشارت قیوم نے بتایا کہ ضلع میں کل تقریباً 4 لاکھ 7 ہزار ووٹرز ہیں اور ضلع میں 481 پولنگ اسٹیشن قائم کیے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ضلع کے تمام پولنگ سٹیشنوں پر سکیورٹی اور دیگر انتظامات مکمل کر لئے گئے ہیں اور ہمیں امید ہے کہ ضلع میں ریکارڈ توڑ ووٹنگ ہو گی۔
یہ بھی پڑھیں: پی ڈی پی میں بغاوت، منڈیٹ نہ ملنے پر جنوبی کشمیر کے کئی لیڈر باغی - Revolt in PDP
آئندہ اسمبلی انتخابات 2024 کی تیاری کے سلسلے میں ڈسٹرکٹ الیکشن آفیسر پلوامہ، ڈاکٹر بشارت قیوم نے نوڈل افسران اور سیاسی جماعتوں کے نمائندوں کے ساتھ سلسلہ وار میٹنگوں کی صدارت کی، جس میں انتخابات کے لیے درکار منصوبہ بندی اور رابطہ کاری پر توجہ مرکوز کی گئی۔