سرینگر: الیکشن ریٹرنگ آفیسر اننت ناگ نے جمعے کے روز راجوری- اننت ناگ پارلیمانی نشست کے امیدواروں اور سیاسی پارٹیوں کے نمائندوں کے ساتھ میٹنگ کی، جس دوران الیکشن مؤخر کرنے کے حوالے سے ان کی آراء حاصل کی گئی۔بتادیں کہ کچھ سیاسی پارٹیوں اور امیداروں نے الیکشن کمیشن آف انڈیا کو اننت ناگ – راجوری لوک سبھا سیٹ کے لئے انتخابات کی تاریخ کو مؤخر کرنے کے لئے ایک مکتوب بھیجا ہے۔
اطلاعات کے مطابق کچھ سیاسی پارٹیوں کی جانب سے خراب موسمی صورتحال کو دیکھتے ہوئے اننت ناگ راجوری پارلیمانی نشست پر سات مئی کو ہونے والے انتخابات کو مؤخر کرنے کا مطالبہ کیا اور اس حوالے سے الیکشن کمیشن کو ایک مکتوب بھی بھیجا گیا ہے۔
معلوم ہوا ہے کہ جمعے کے روز ریٹرنگ آفیسر اننت ناگ نے اس نشست پر کھڑے ہوئے امیدواروں اور سیاسی پارٹیوں کے نمائندوں کو طلب کیا، جس دوران ان کی رائے حاصل کی گئی۔
اپنی پارٹی ، بی جے پی ، پیپلز کانفرنس اور کئی آزاد امیدواروں نے الیکشن کو مؤخر کرنے کا مطالبہ کیا ۔نیشنل کانفرنس کے نمائندے نے میٹنگ کے دوران الیکشن مؤخر نہ کرنے کے حوالے سے پارٹی کا موقف واضح کیا۔ اس میٹنگ میں پی ڈی پی کے کسی بھی نمائندے نے شرکت نہیں کی۔
مزید پڑھیں:
- اننت ناگ-راجوری نشست پر انتخابات مؤخر کرنے کا کوئی جواز نہیں: عمر عبداللہ
- اننت ناگ الیکشن موخر کرنے کے مطالبے کا مقصد مجھے پارلیمنٹ سے دور رکھنا ہے: محبوبہ مفتی
- بی جے پی دھاندلی کا موقعہ ڈھونڈ رہی ہے، اسلئے انتخابات مؤخر کرنا چاہتی ہے: التجا مفتی
میٹنگ کے بعد نامہ نگاروں سے بات چیت کے دوران کئی امیدواروں نے کہا کہ چونکہ مغل روڈ تین مہینے تک بند رہا، جس وجہ سے امیدواروں کو راجوری جانے میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔انہوں نے کہا کہ خراب موسم کی وجہ سے وہ راجوری جانے سے قاصر ہے لہذا اس نشست پر ہونے والے الیکشن کو فی الحال موخر کیا جائے۔
(یو این آئی)