سری نگر (جموں و کشمیر): مرکز نے بی ایس ایف کے ڈائریکٹر جنرل نتن اگروال اور ان کے نائب، اسپیشل ڈی جی (ویسٹ) وائی بی کھرانیہ کو برطرف کر دیا ہے۔ انہیں ان کے متعلقہ ریاستی کیڈرز میں واپس بھیج دیا گیا ہے۔ مرکزی حکومت کی طرف سے جمعہ کو اس سلسلے میں ایک سرکاری حکمنامہ جاری کیا گیا۔

ان دو پولیس افسران کی ان کے کیڈرز میں معطلی ایسے وقت میں عمل میں لائی گئی ہے جب بھارت پاکستان سرحد کے ساتھ جموں خطے میں حالیہ مہینوں میں عسکریت پسندوں کے حملوں میں اضافہ درج کیا گیا ہے۔ راجوری، پونچھ، ریاسی، ادھم پور، کٹھوعہ اور ڈوڈہ جیسے اضلاع میں اس سال 11 سیکورٹی اہلکار اور ولیج ڈیفنس گارڈ سمیت کم از کم 22 افراد مارے گئے۔
اس سرحدی علاقے کی حفاظت کی ذمہ دار بی ایس ایف نے دراندازی کے کسی بھی واقعے سے انکار کیا ہے۔ واضح رہے کہ پچھلے مہینے کٹھوعہ اور ڈوڈہ اضلاع میں تصادم میں پانچ عسکریت پسند مارے گئے تھے۔

اگروال، 1989 بیچ کے کیرالہ کیڈر کے افسر، گزشتہ سال جون میں بی ایس ایف کے سربراہ بنے اور جولائی 2026 میں ریٹائر ہونے والے تھے، مگر اس سے قبل ہی معطل کر دیے گئے۔ کھرانیہ، 1990 بیچ کے اوڈیشہ کیڈر سے تعلق رکھنے والے، مغربی سیکٹر میں پاکستانی سرحد پر بھارتی فورس کی قیادت کر رہے تھے۔
یہ بھی پڑھیں:
- عسکریت پسندوں کے لیے کھانا پکانے والی خاتون گرفتار، تلاشی مہم پانچویں روز بھی جاری