پلوامہ (جموں کشمیر) : پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی (پارٹی) کے یوتھ صدر وحید الرحمان پرہ نے پی ڈی پی ضلع دفتر پلوامہ میں پارٹی کارکنوں سے خطاب کرتے پارٹی کارکنان سے اسمبلی انتخابات کے لیے تیار رہنے کی اپیل کی۔ پرہ نے پارٹی کو زمینی سطح پر مضبوط کرنے کی بھی کارکنان سے تلقین کی، تاکہ پارٹی کو آنے والے اسمبلی انتخابات میں بھاری اکثریت حاصل ہو۔
جموں کشمیر میں پارلیمانی انتخابات پر امن طور اختتام پزیر ہونے کے بعد اب یہاں کی سیاسی جماعتیں اسمبلی انتخابات کی تیاریوں میں مصروف ہیں اور مختلف مقامات پر کارکنوں کے ساتھ میٹنگیں منعقد کر رہی ہیں۔ جبکہ ایک جماعت کا دوسری سیاسی جماعت پر تنقید و تشنیع کا سلسلہ بھی جاری ہے۔ وہیں ایک پارٹی چھوڑ کر دوسری پارٹی میں شامل ہونے کی روایت بھی جاری ہے۔
پارٹی کنونشن کے بعد وحید پرہ نے کہا کہ ’’پی ڈی پی نے جموں و کشمیر کے لوگوں کو آواز دی ہے کیونکہ لوگ خوف اور پریشانی کے ماحول میں رہ رہے تھے۔‘‘ انہوں نے دعویٰ کیا کہ ’’پی ڈی پی، جموں و کشمیر کے لوگوں کی فلاح و بہبود کے لیے کام کرنے کے لیے وجود میں آئی ہے۔‘‘ پرہ نے لیفٹیننٹ گورنر کو مزید اختیارات دینے پر مرکزی سرکار کی سخت سرزنش کرتے ہوئے کہا: ’’جموں و کشمیر کے لیے احکامات اور قوانین میں ترمیم اس بات کی عکاسی کرتی ہے کہ مرکزی حکومت کو جموں و کشمیر کے لوگوں پر اعتماد نہیں ہے۔ یہ ترامیم، جموں و کشمیر کی سیاسی جماعتوں اور عوام کو بے اختیار کرنے کے لیے کی جا رہی ہیں۔‘‘
پرہ نے کہا کہ ’’مرکزی حکومت طاقت اور خوف کے بل بوتے پر جموں و کشمیر میں امن قائم کرنے کی کوشش کر رہی ہے جو نہ تو قابل قبول ہے اور نہ ہی پائیدار۔‘‘ ایل جی کو مزید اختیارات دئے جانے پر انہوں نے کہا: ’’چاہے پی ڈی پی، کانگریس حتی کہ بی جے پی کی ہی حکومت وجود میں کیوں نہ آئے، وہ حکومت پوری طرح بے اختیار ہوگی۔‘‘
یہ بھی پڑھیں: جموں میں کشمیر ماڈل اپنایا جائے گا: منوج سنہا - Kashmir Model in Jammu