اننت ناگ (جموں کشمیر) : سخت سکیورٹی حصار میں امرناتھ یاترا وادی کشمیر کے بالتل اور پہلگام راستوں سے پر امن طور پر جاری و ساری ہے۔ عہدیداروں نے بتایا کہ 16 ویں روز 4669 امرناتھ یاتری جموں کے بھگوتی نگر یاتری نواس سے ہفتہ کی صبح امرناتھ گپھا کی جانب روانہ کیے گئے۔ یاتری نواس، جموں سے اب تک 70ہزار سے زائد یاتری کشمیر روانہ ہوئے ہیں جبکہ بعض یاتری از خود کشمیر پہنچ کر رجسٹریشن کے بعد امرناتھ گپھا جاتے ہیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ 29جون سے اب تک دو لاکھ اسی ہزار سے زائد یاتری امرناتھ گپھا میں اپنی مذہبی رسومات انجام دے چکے ہیں۔
آفیشل نے بتایا کہ 4669یاتریوں پر مشتمل سولہواں دستہ امرناتھ گپھا میں پہلگام اور بالتال راستوں سے شیو لنگم کے درشن کے لیے ہفتہ کی صبح 165گاڑیوں میں جموں سے روانہ ہوا۔ ہفتہ کی صبح جموں سے وادی کشمیر کی جانب روانہ ہونے والے یاتریوں میں 3446 مرد، 1787خواتین، 40 بچے ، 26سادھو اور 2 سادھوی اور دو تیسری جنس کے شردھالو شامل تھے۔ ہفتہ کو یاتریوں کو لے کر جموں سے وادی کشمیر لے جانے والی 150گاڑیوں میں 3446 یاتریوں کو پولیس اور سیکورٹی فورسز کے سخت پہرے میں تحفظ فراہم کیا گیا۔
موسمیاتی ایڈوائزری
محکمہ موسمیات نے 13 جولائی1931 کو جموں ڈویژن کے الگ الگ مقامات پر بھاری بارش کے ساتھ متعدد مقامات پر ہلکی سے اوسط درجے کی گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیش گوئی کی ہے۔ محکمہ موسمیات نے14-15 جولائی کو بھی الگ الگ مقامات پر گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی ظاہر کی ہے۔
واضح رہے کہ پوتر امرناتھ گپھا سطح سمندر سے 3,888 میٹر کی بلندی پر واقع ہے اور گپھا تک صرف پیدل، گھوڑے یا خچر کے ذریعے ہی پہنچا جا سکتا ہے۔ ہمالیہ پہاڑوں کے بیچ واقع اس گپھا تک اننت ناگ-پہلگام کے روایتی روٹ یا گاندربل- سونہ مرگ - بالتل کے چھوٹے راستے کے ذریعے ہی رسائی حاصل کی جا سکتی ہے اور اکثر و بیشتر، یاتری بالتال کا راستہ اختیار کرتے ہیں جو پہلگام کے روایتی راستے سے16 کلومیٹر کم ہے۔ قابل ذکر ہے کہ52 روزہ امرناتھ یاترا 29 جون سے شروع ہوئی اور 19 اگست تک جاری رہے گی۔
یہ بھی پڑھیں: امرناتھ یاتریوں کے لئے مفت سم کارڈ