سرینگر: لوک سبھا انتخابات کو پُرامن، آزادانہ ،شفاف اور منصفانہ طریقے پر پایہ تکمیل تک پہنچانے کی خاطر ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل آف پولیس لا اینڈ آرڈر وجے کمار نے سرینگر میں ایک اعلیٰ سطحی میٹنگ کے دوران انتخابی عمل کی تیاریوں کے حوالے سے مکمل آگاہی حاصل کی۔
پولیس کے ایک ترجمان نے بتایا کہ میٹنگ کے دوران اے ڈی جی پی نے لوک سبھا انتخابات کے پیش نظر سکیورٹی انتظامات کو مزید مضبوط ومستحکم بنانے پر زور دیا۔
انہوں نے کہا کہ انتخابی عملے کی نقل وحرکت کے لئے محفوظ راستوں کی نشاندہی اور انتخابی ڈیوٹی کے لئے تعینات سکیورٹی اہلکاروں کو سہولیات بہم رکھنے کے منصوبوں پر باریک بینی سے غور کیا گیا،تاکہ سکیورٹی انتظامات کو پوری طرح سے یقینی بنایا جاسکے۔
میٹنگ کے دوران اہم پولنگ اسٹیشنوں کے لئے خصوصی اقدامات کی نشاندہی کی گئی اور کسی بھی ممکنہ خطرات سے نمٹنے اور انتخابی عمل کے تقدس کو برقرار رکھنے کے لئے سختی حفاظتی اقدامات کو یقینی بنانے کے لئے حکمت عملی وضع کی گئی۔
آئی جی کشمیر نے اے ڈی جی پی کو سکیورٹی پلان کے بارے میں بریفنگ دی ، اے ڈی جی پی نے آفیسران پر زور دیا کہ سکیورٹی انتظامات کا ازسر نو جائزہ لیا جائے۔
ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل آف پولیس نے قانون نافذ کرنے والے اداروں اور تمام اسٹیک ہولڈرز پر زور دیا کہ پُر امن اور منصفانہ انتخابی ماحول کو یقینی بناکر جمہوریت کے اصولوں کو برقرار رکھنے کی بھر پور سعی کی جائے۔
انہوں نے کہا کہ انتخابی عمل کے دوران پیدا ہونے والے ممکنہ خطرات کو کم کرنے کے لئے پیشگی اقدامات پر توجہ مرکوز کرنے کی ضرورت ہے۔
مزید پڑھیں:لوک سبھا انتخابات: کشمیر پولیس نے "الیکشن ہیلپ لائن" قائم کی
میٹنگ میں اے ڈی جی پی جموں اور آئی جی سی آرپی ایف کے علاوہ بی ایس ایف، سی آر پی ایف ، ایس ایس بی کے سینیئر آفیسران نے ویڈیو کانفرنس کے ذریعے شرکت کی۔
آئی جی سی آرپی ایف اجے یادو ، آئی جی بی ایس ایف اشوک یادو، آئی جی سی آر پی ایف کوس جی ورما ، آئی کشمیر ودھی کمار بردی ، ڈی آئی جی سینٹرل ، ڈی آئی جی جنوبی کشمیر ، ڈی آئی جی ایس ایس بی کشمیر ، ڈی آئی جی سی آر پی ایف نارتھ سرینگر، ایس ایس پی پ سی آر کشمیر اور آئی جی کشمیر کے سٹاف آفیسران بھی موجود رہے ۔
(یو این آئی)