پلوامہ( جموں و کشمیر): ضلع پلوامہ کے ٹنگمرگ ابہما علاقہ کے رہنے والے بشیر احمد نائیکو کا دو منزلہ مکان کل شام آگ لگنے کے واقعہ میں مکمل طور پر تباہ ہوگیا۔ اس آتش زدگی کی وجہ سے بشیر احمد صدمے میں ہیں۔ حالانکہ اس حادثے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا ہے مگر لاکھوں کی ملکیت کا سامان جل کر تباہ ہوگیا ہے۔
فائر اینڈ ایمرجنسی سروسز، ضلع انتظامیہ، پولیس اور مقامی لوگوں کی بھرپور کوششوں کے بعد آگ پر قابو تو پالیا گیا ہے مگرجیسا کہ بتایا گیا ہے کہ اس میں لاکھوں روپئے کی مالیت کا سامان جل کر مکمل طور پر تباہ ہو گیا۔
اس سلسلے میں خورشید احمد نے الزام لگایا کہ علاقے میں سڑک رابطے کی عدم دستیابی کی وجہ سے رہائشی مکان کو آگ لگنے سے مکمل نقصان پہنچا۔ انہوں نے کہا کہ یہ علاقہ گزشتہ کئی سالوں سے سڑک کے مناسب رابطے سے محروم ہے اور یہاں تک پہنچنے کے لیے مکینوں کو کئی کلو میٹر کا پیدل سفر کرنا پڑتا ہے۔
یہ بھی پڑھیں:
ان کا مزید کہنا تھا کہ سڑک کے رابطے کی عدم دستیابی سے آگ اور ایمرجنسی سروسز کو جائے وقوعہ تک پہنچنے میں تقریباً 2 گھنٹے لگے۔
انہوں نے ڈپٹی کمشنر پلوامہ ڈاکٹر بشارت قیوم اور ایل جی انتظامیہ سے اپیل کی کہ اس معاملے کی طرف توجہ دی جائے اور علاقے کو مناسب رابطہ سڑک فراہم کی جائے۔