سرینگر: بارش کے بیچ وادیٔ کشمیر میں بھی 78واں یوم آزادی کا جشن بڑے جوش وخروش کے ساتھ منایا گیا۔ اس حوالے سے سب سے بڑی تقریب جموں وکشمیر کے گرمائی دارالحکومت سرینگر کے بخشی اسٹیڈیم میں منعقد ہوئی۔ جہاں لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے قومی پرچم لہرا ہے اور مارچ پاسٹ پر سلامی لی۔ بخشی اسٹیدیم پہنچنے سے قبل ایل جی منوج سنہا نے پرتاپ پارک سرینگر میں بلیدان استمبھ کا افتتاح کیا اور ان شہید جوانوں کو خراج تحسین پیش کیا جنہوں نے ملک خاص کر جموں وکشمیر کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا ہے۔
بارش کے بیچ وادیٔ کشمیر میں منایا گیا یوم آزادی کا جشن (ETV Bharat Urdu) سرینگر سمیت وادی کے دیگر ضلع اور تحصیل صدر مقامات کے علاوہ وادی کے دیگر سرکاری دفاتر، اسپتالوں، اہم تنصیباب اور تاریخی مقامات پر بھی قومی جھنڈا لہرایا گیا۔ صوبائی کمشنر کشمیر اور ڈپٹی کمشنر سرینگر نے بھی اپنے اپنے دفاتر میں قومی پرچم لہرایا ہے۔ اس موقع پر صوبائی کمشنر کشمیر نے لوگوں کو مبارک باد پیش کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ جموں وکشمیر ملک کی دیگر ریاستوں اور یوٹیز کے ہم پلہ ترقی کرے گا اور ملک کی ترقی میں بھی اپنا رول ادا کرے گا۔ ادھر جموں وکشمیر میں مختلف سیاسی جماعتوں نے بھی اپنے اپنے پارٹی دفاتر میں پرچم کشائی کی رسم انجام دی۔ وہیں بین الاقوامی ہوائی اڈے، عدلت عالیہ، صحت مراکز اور بلدیاتی اداروں کے علاوہ دیگر دفاتر میں بھی پرچم کشائی کی رسم انجام دی گئی۔ یوم آزادی کے موقع پر آج شہر سرینگر کے تاریخی گھنٹہ گھر پر حب الوطنی کے نغموں کی دھن کے بیچ قومی جھنڈا لہرایا گیا۔
اس موقع پر احمد آباد گجرات سے آئے ایک سیاح نے کہا کہ اگرچہ میں یوم جمہوریہ اور یوم آزادی پر ملک کے تئیں اسی طرح اپنی محبت کا اظہار کرتا رہتا ہوں، مگر کشمیر میں حب الوطنی کا اظہار کرنا ایک خواب تھا جو آج پورا ہوا۔ ادھر سرمائی دارالحکومت جموں میں بھی یوم آزادی کی شاندار تقریب منعقد ہوئی۔ جس میں ایل جی کے مشیر نے قومی جھنڈا لہرایا اور پریڈ کی سلامی لی۔
یہ بھی پڑھیں:
ترقی یافتہ ہندوستان، 75 ہزار نئی میڈیکل سیٹیں اور بنگلہ دیش بحران سمیت پی ایم مودی کی تقریر کی اہم باتیں - 78th independence Day Celebrations