بڈگام (جموں کشمیر): وسطی کشمیر کے بڈگام ضلع میں بدھ کو دیر رات گئے چرارِ شریف علاقے میں مٹی کے ایک تودے کی زد میں آکر ایک مقامی شخص کی موت ہو گئی۔ فوت ہوئے شخص کی شناخت 27سالہ اشفاق احمد کھٹانہ ولد شبیر احمد کھٹانہ ساکنہ باجپتھری، وتہ کلو، چرار شریف کے طور پر ہوئی ہے۔ ابتدائی معلومات کے مطابق متوفی ایک پہاڑی کے دامن میں مٹی کی کھدائی کر رہا تھا جس دوران پہاڑی سے مٹی کھسک گئی اور اس کی زد میں آکر اشفاق احمد کی موت ہو گئی۔
مقامی باشندوں نے بتایا کہ اشفاق احمد کھٹانہ کی موقع پر ہی موت واقع ہو گئی۔ اور اس واقعے کی خبر ملتے ہی مقامی باشندے یہاں پہنچے اور کڑی مشقت کے بعد اشفاق کی جسد خاکی کو بازیاب کرنے میں کامایب ہو گئے۔ لوگوں نے فوری طور پر نزدیکی پولیس یونٹ کو اطلاع دی جنہوں نے موقع پر پہنچ کر لاش کو اپنی تحویل میں لے لیا اور طبی و قانونی لوازمات کے بعد اشفاق کی میت کو آخری رسومات کی ادائیگی کے لیے لواحقین کے سپرد کر دیا۔
حادثے کے بعد علاقے میں ماتم کی لہر دوڑ گئی اور اشفاق کو پر نم آنکھوں سے سپرد لحد کیا گیا۔ وادی کشمیر میں کھدائی کے دوران مٹی کے تودے گر آنے اور آبی ذخائر سے ریت یا باجری نکالنے کے دوران بعض اوقات اس طرح کے حادثات رونما ہوتے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: JCB Driver Dies in Shopian: شوپیاں حادثہ میں جے سی بی ڈرائیور ہلاک