بیجنگ: چین کے ہیبی صوبے میں بدھ کو ایک ریستوراں میں دھماکے سے دو شخص ہلاک اور 26 دیگر زخمی ہو گئے۔ مقامی حکام نے یہ اطلاع دی۔ شہر کے ایمرجنسی مینجمنٹ بیورو کے مطابق دھماکہ مقامی وقت کے مطابق صبح 7 بج کر 54 منٹ پر سانہے شہر کے یانجیاؤ ٹاؤن شپ میں ایک فرائیڈ چکن ریستوراں میں ہوا۔
ژنہوا خبر رساں ایجنسی نے بیورو حکام کے حوالے سے بتایا ہے کہ شبہ ہے کہ دھماکہ گیس لیک کرنے کی وجہ سے ہوا ہو گا۔ رپورٹ میں کہا گیا کہ فائر فائٹرز اس وقت جائے وقوع پر موجود ہیں، جو صورتحال کو سنبھال رہے ہیں۔ فائر ڈپارٹمنٹ نے 36 گاڑیاں اور 154 اہلکار جائے وقوعہ پر بھیجے تھے۔
سرکاری نشریاتی ادارے سی سی ٹی وی نے بتایا کہ دھماکے کی جگہ پر لگی آگ پر قابو پا لیا گیا ہے اور امدادی کام ابھی بھی جاری ہے۔ قابل ذکر ہے کہ تقریباً ہر ماہ آگ اور گیس کے دھماکے ہو رہے ہیں، جس کی وجہ سے چینی صدر شی جن پنگ نے متعلقہ اداروں کو پیشگی اقدامات کرنے کا حکم دیا۔
چین کے شہر ناننگ میں گزشتہ ماہ ایک عمارت میں آگ لگنے سے 15 افراد ہلاک اور 44 زخمی ہو گئے تھے۔24 جنوری کو مشرقی چین کے صوبہ جیانگ شی کے ژینیو شہر میں ایک عمارت میں آگ لگنے سے 39 افراد ہلاک اور نو زخمی ہو گئے۔ جنوری کو وسطی چین کے ہینان صوبے میں ایک اسکول کے ہاسٹلری میں آگ لگنے سے کم از کم 13 طلباء ہلاک ہو گئے۔
یہ بھی پڑھیں: چین میں آتشزدگی، کم از کم 39 افراد ہلاک، متعدد زخمی