ریاض: سعودی عرب نے جنوبی کوریا سے فضائی دفاعی نظام کی خریداری کا معاہدہ کرلیا، معاہدے کے تحت سعودی عرب، جنوبی کوریا سے 3 ارب ڈالر مالیت کی 10 بیٹریاں خریدے گا۔
غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق سعودی وزیر دفاع اور جنوبی کورین ہم منصب کی موجودگی میں سعودی عرب کے شہر ریاض میں جاری ورلڈ ڈیفنس شو کی سائیڈ لائن پر دونوں ممالک کے درمیان دفاعی معاہدے ’ڈیفنس اکیوزیشن پروگرام ایگریمنٹ (ڈاپا)‘ کی یادداشت پر دستخط کیے گئے۔
جنوبی کورین وزیر دفاع کا یادداشت نامے پر دستخط کے تقریب کے موقع پر کہنا تھا کہ ہماری دفاعی فرم ایل آئی نیکس ون سعودی عرب کو زمین سے فضا میں مار کرنے والا مڈ رینج ائیر ڈیفنس سسٹم فراہم کرے گی۔
ڈاپا کے ڈائریکٹر ای اون ڈونگ ہوان نے کہا کہ امید ہے کہ یہ یادداشت نامہ دونوں ممالک کے درمیان دفاع کے شعبے میں تعاون کو مزید بڑھانے میں مددگار ثابت ہوگا اور مستقبل میں اسٹریٹیجک پارٹنر شپ کے حوالے سے کلیدی کردار ادا کرے گا۔
واضح رہے کہ 2027 تک جنوبی کوریا دنیا کا چوتھا بڑا دفاعی ایکسپورٹر بننے کیلئے کام کر رہا ہے۔ اسٹاک ہوم انٹرنیشنل پیس ریسرچ سینٹر کے مطابق دفاعی ایکسپورٹرز کی درجہ بندی میں نویں پوزیشن پر پہنچ چکا ہے۔ (یو این آئی)