لندن: اسکاٹ لینڈ کے وزیر اعظم حمزہ یوسف نے عدم اعتماد کے ووٹ سے چند روز قبل استعفیٰ دے دیا۔ حمزہ یوسف کا یہ فیصلہ اس وقت سامنے آیا ہے جب انہیں اپوزیشن جماعتوں کی طرف سے لائے جانے والے عدم اعتماد کے ووٹوں میں ممکنہ شکست کا سامنا ہے۔
قابل ذکر ہے کہ اپوزیشن کی طرف سے تحریک عدم اعتماد پیش کرنے کا فیصلہ اس وقت لیا گیا جب حمزہ یوسف نے اپنی اسکاٹش نیشنل پارٹی اور اسکاٹش گرینز پارٹی کے درمیان حکمران اتحاد کو ختم کر دیا۔
حمزہ نے ٹیلی ویژن پر نشر ہونے والے ایک پرگرام کے دوران کہا کہ میں اپنی اقدار اور اصولوں کی تجارت کرنے یا کسی سے بھی سودے بازی کرنے کو تیار نہیں ہوں۔
اس ماہ کے شروع میں یوسف نے کہا تھا کہ وہ کافی زیادہ پُر اعتماد ہیں کہ وہ سیاسی مخالفین کی طرف سے بلائے گئے عدم اعتماد کا ووٹ جیت سکتے ہیں۔ تاہم پیر تک ان کی اقلیتی حکومت کو تقویت دینے کے لیے دیگر جماعتوں کے ساتھ بات چیت کی پیشکش غیر یقینی دکھائی دے رہی تھی۔
واضح رہے کہ حمزہ یوسف نے مارچ 2023 میں وزیراعظم کا عہدہ سھنبالا تھا۔ حمزہ یوسف اسکاٹ لینڈ کے فرسٹ منسٹر کے عہدے تک پہنچنے والے پہلے پاکستان نژاد اسکاٹش تھے۔
یہ بھی پڑھیں: پاکستانی نژاد حمزہ یوسف اسکاٹ لینڈ کے نئے وزیراعظم منتخب