اسلام آباد، 10 فروری (یو این آئی) پاکستان تحریک انصاف کے رہنما بیرسٹر گوہر کا کہنا ہے کہ مجلس وحدت مسلمین کی سیٹیں ہماری اور ہماری سیٹیں ان کی ہیں، پارٹی جوائن کرنے کا فیصلہ جلد کریں گے اور پنجاب، کے پی اوروفاق میں حکومت بنائیں گے۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے رہنما بیرسٹرگوہر نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ آج جمہوری تاریخ کا بڑااہم دن ہے، آپ کے سامنے کچھ حقائق رکھنے جارہے ہیں، گزشتہ 2 سال سے پی ٹی آئی مشکلات سے گزری ہے۔
بیرسٹرگوہر کا کہنا تھا کہ سپریم کورٹ کی ہدایت پر ملک میں 8فروری کو الیکشن کی تاریخ طےہوئی، الیکشن کمیشن نےیقین دہانی کرائی لیول پلیئنگ فیلڈ دیں گے لیکن پی ٹی آئی قیادت کیخلاف بوگس کیسز بنائے گئے، ہم نے تمام مشکلات کے باوجود الیکشن کیلئےجدوجہد جاری رکھی۔ رہنما پی ٹی آئی نے کہا کہ عوام نے 8فروری کو پرامن طریقے سے حق رائےدہی استعمال کیا، الیکشن کمیشن کی ذمہ داری تھی رات 2بجے تک نتائج کا اعلان کرتا لیکن 2بجے تک کسی صورت نتیجے کا اعلان نہ ہوسکیں تو وجوہات بتائی جائیں۔ انھون نے بتایا کہ اس بار پولنگ کے وقت میں اضافہ نہیں کیاگیا تھا، رات 12بجے تک صرف 10فیصد سے کم نتائج موصول ہوئے تھے ،الیکشن کمیشن کی آخری ذمہ داری تھی کےانتخابی نتائج شفاف ہوں۔
بیرسٹر گوہر نے کہا کہ قانون کہتا ہے امیدوار یا اس کا ایجنٹ موجود ہو تو نتائج کو کمپائل کیا جائے ، وہ سارا پروسس بغیر ایجنٹ کرایا گیا، جس سے نتائج میں تاخیرہوئے۔ پی ٹی آئی کو 170 نشستوں پر برتری حاصل ہے۔ رہنما پی ٹی آئی نے دعویٰ کیا کہ فارم 45 کے مطابق پی ٹی آئی کو 170 نشستوں پر برتری حاصل ہے، 170میں سے 94 سیٹیں وہ ہیں جو الیکشن کمیشن ایڈمٹ کررہا ہے، 3 اسلام آباد ،4 سندھ اورباقی پنجاب کی سیٹیں ہیں، پی ٹی آئی کے انڈیپنڈنٹ امیدواروں کی برتری واضح ہے۔ انھوں نے مزید بتایا کہ کے پی میں بھی دو تہائی اکثریت حاصل کی ہے، کے پی سےقومی اسمبلی کی 45میں سے39سیٹیں جیت چکے ہیں، تاریخ میں پہلی بارکے پی سے کوئی پارٹی قومی اسمبلی کی اتنی سیٹیں جیتی ہو، ہمارے پاس کےپی میں دوتہائی اکثریت آچکی ہے۔
بیرسٹر گوہر کا کہنا تھا کہ پنجاب میں بھی ہم بھاری اکثریت سے آگے جارہے ہیں، جس کے پاس 50سیٹیں بھی نہیں وہ وزیراعظم بننے کا خواب دیکھ رہاہے، ان شااللہ پی ٹی آئی وفاق میں حکومت بنائے گی اور پنجاب میں بھی پی ٹی آئی حکومت بنائے گی۔ پی ٹی آئی کے رہنما نے کہا کہ پنجاب میں 135 کے قریب پی ٹی آئی کے انڈیپنڈنٹ امیدوار کامیاب ہیں، پنجاب کوعوامی وزیراعلیٰ ملنے جا رہاہے۔ انھوں نے الیکشن کمیشن ، عدلیہ سے گزارش کی کہ یہ عوام کی آواز ہے، جمہوریت کا حسن ہے عوام حق رائےدہی کا استعمال کر کے اپنا نمائندہ منتخب کرے ، ہماری درخواست ہے عوام کے مینڈیٹ اور آواز کو قبول کیاجائے۔
یو این آئی