الیکشن کے دن موبائل اور انٹرنیٹ پر پابندی آزادی اظہار کے حقوق پر حملہ: ایمنسٹی انٹرنیشنل - پاکستان
Pakistan Elections 2024 پاکستان میں عام انتخابات کے لیے آٹھ فروری کو صبح آٹھ بجے سے شام پانچ بجے تک ووٹ ڈالے گئے لیکن اس دوران ملک بھر میں موبائل اور انٹرنیٹ کی سروسز کو معطل کردیا گیا جس کی وجہ سے عوام کو کافی زیادہ مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
Published : Feb 8, 2024, 7:41 PM IST
|Updated : Feb 8, 2024, 7:48 PM IST
لندن: ایمنسٹی انٹرنیشنل نے بھی عام انتخابات میں ملک میں موبائل فون اور انٹرنیٹ کی بندش پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔ میڈیا روپرٹ مطابق ایمنسٹی انٹرنیشنل کا کہنا ہے کہ موبائل، انٹرنیٹ سروس معطلی کا فیصلہ آزادی اظہار کے حقوق پر حملہ ہے، انٹرنیٹ تک رسائی پر پابندیاں فوری ختم کی جائے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اگر نیٹ ورک بند نہ ہوتے تو صرف آج یعنی الیکشن والے دن 2 کروڑ سے زائد ووٹرز کو معلومات دی جاتیں۔ تاہم 8 فروری کو ملک بھر میں لوگوں کو نیٹ ورک کی بندش کا سامنا کرنا پڑا۔ موبائل سروس بند ہونے سے پہلے 2 کروڑ ووٹرز نے 8300 نمبر سے معلومات حاصل کیں۔ صرف گزشتہ روز 80 لاکھ سے زائد ووٹرز کو تفصیلات دی گئیں۔
ذرائع کا کہنا تھا کہ گزشتہ عام انتخابات کے پول ڈے پر 2 کروڑ ووٹرز نے 8300 سروس سے استفادہ کیا تھا۔ واضح رہے کہ وفاقی دارالحکومت میں ایک پولنگ اسٹیشن کے دورے کے موقع پر نگراں وزیر اعظم پاکستان انوار الحق کاکڑ سے موبائل فون اور انٹرنیٹ کی بندش پر سوال کیا گیا تھا۔
ہیومن رائٹس کمیشن آف پاکستان (ایچ آر سی پی) نے ملک بھر میں انٹرنیٹ اور موبائل سروسز کو فوری طور پر بحال کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ ایکس پر ایک پوسٹ میں، ایچ آر سی پی نے کہا کہ سندھ ہائی کورٹ کی جانب سے پولنگ کے دن بلاتعطل انٹرنیٹ خدمات کو یقینی بنانے کی نگراں حکومت کi ہدایت کے باوجود خدمات میں مسلسل خلل واقع ہوا ہے۔
انھوں نے مزید کہا کہ اس بارے میں شفافیت کا فقدان ہے کہ یہ خلل کہاں، کب اور کب تک جاری رہے گا، اس طرح رائے دہندگان کے معلومات کے حق اور ممکنہ طور پر نتائج کی ترسیل متاثر ہوگی۔ ایچ آر سی پی نے اپنی پوسٹ میں کہا کہ جن لوگوں نے یہ حکم دیا ان کی شناخت اور ذمہ دار ٹھہرایا جانا چاہیے۔
موبائل فون اور انٹرنیٹ کی بندش کے سوال پر نگراں وزیراعظم انوارالحق کاکڑ کا کہنا تھا کہ دیکھیں مجھے نہیں پتہ لوگوں کو کیا مشکلات ہیں، لیکن آپ جانتے ہیں ملک میں دہشت گردی کی لہر ہے۔ یاد رہے کہ ملک کے مختلف علاقوں سے اطلاعات موصول ہوئیں کہ چھ گھنٹے گزرنے کے باوجود پولنگ کا عمل شروع نہیں ہو سکا تھا موبائل اور نیٹ کی بندش کی وجہ سے صورت حال سے آگاہی بھی ممکن نہیں ہو پا رہی تھی۔ (یو این آئی)
یہ بھی پڑھیں:
پاکستان عام انتخابات 2024: پولنگ کا وقت ختم، گنتی شروع، فون اور انٹرنیٹ سروسز ابھی بھی معطل
پاکستان عام انتخابات 2024: کون کون سے بڑے سیاسی رہنما جیل میں ہیں؟