نئی دہلی: آسٹریلوی تھنک ٹینک انسٹی ٹیوٹ فار اکنامکس اینڈ پیس (IEP) کی طرف سے جاری کردہ رپورٹ کے مطابق گلوبل پِیس انڈیکس میں بھارت 163 ممالک میں سے 141 ویں نمبر پر ہے۔
حیرت کی بات ہے کہ امن پسند ممالک کی فہرست میں بھارت کو پاکستان، سری لنکا، بنگلادیش اور نیپال سے بھی نیچے رکھا گیا ہے۔ اس فہرست میں آئس لینڈ پہلے نمبر پر ہے۔ رپورٹ کے مطابق آئس لینڈ بدستور پُرامن ملک ہے جب کہ افغانستان سب سے کم پُرامن ملک ہے۔
واضح رہے کہ آئی ای پی تین موضوعاتی ڈومینز، سماجی تحفظ اور سلامتی، گھریلو اور بین الاقوامی تنازعات کی حد اور عسکریت پسندی، کی بنیاد پر کسی بھی ممالک کے پرامن ہونے کی درجہ بندی کرتا ہے۔
جنوبی ایشیائی ممالک میں بھوٹان انڈیکس میں 15ویں نمبر پر ہے، اس کے بعد سری لنکا 72ویں، نیپال 76ویں اور بنگلہ دیش 101ویں نمبر پر ہے۔ جبکہ دہشت گردی سے متاثرہ پاکستان انڈیکس میں 153ویں نمبر پر ہے۔
رپورٹ کے مطابق آئس لینڈ بدستور دنیا کا سب سے زیادہ پرامن ملک ہے، اس کی یہ پوزیشن 2008 سے برقرار ہے۔ جبکہ شام کی جگہ اب افغانستان دنیا کا سب سے کم پرامن ملک ہوگیا ہے اور دوسرے نمبر پر شام آگیا ہے، باقی پانچ سب سے کم پرامن ممالک میں جنوبی سوڈان، یمن اور عراق ہیں۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ بھارت، فلپائن، جاپان، بنگلہ دیش، میانمار، چین، انڈونیشیا، ویئتنام اور پاکستان وہ نو ممالک ہیں جہاں موسمیاتی خطرات کا خطرہ سب سے زیادہ ہے۔ رپورٹ میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ بھارت، امریکہ، چین، سعودی عرب اور روس سب سے زیادہ فوجی اخراجات کرنے والے پانچ ممالک ہیں۔
دنیا کے دس امن پسند ممالک
- آئس لینڈ
- ڈنمارک
- آئرلینڈ
- نیوزی لینڈ
- آسٹریا
- سنگاپور
- پرتگال
- سلووینیا
- جاپان
- سوئٹزرلینڈ
یہ بھی پڑھیں: دنیا کے طاقتور ترین ممالک کی فہرست جاری، ٹاپ 10 میں کتنے اسلامی ممالک شامل؟