تہران: ایران نے ہفتہ کے روز ملک کے جنوب مشرقی صوبے سیستان و بلوچستان میں نامعلوم افراد کے ذریعہ کئے گئے مسلح حملے کی سخت مذمت کی ہے۔ ان حملوں میں 9 پاکستانی باشندے جاں بحق اور تین دیگر زخمی ہوگئے۔
ایرانی وزارت خارجہ کی طرف سے شائع ہونے والے بیان میں وزارت خارجہ کے ترجمان ناصر کنعانی نے واقعے کی شدید مذمت کی ہے۔ کنعانی نے متاثرہ خاندانوں اور پاکستانی حکومت کے تئیں بھی ہمدردی کا اظہار کیا۔
ایرانی خبر رساں ایجنسی 'مہر' کی رپورٹ کے مطابق ہفتہ کی صبح سراوان علاقے میں تین مسلح افراد نے حملہ کیا۔ ایجنسی کے مطابق ابھی تک کسی گروپ یا فرد نے حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے۔
پاکستانی وزارت خارجہ نے ایک بیان میں کہا کہ یہ ایک ہولناک اور قابل نفرت واقعہ ہے اور ہم اس کی واضح مذمت کرتے ہیں۔ پاکستان ایرانی حکام کے ساتھ رابطے میں ہے اور اس نے واقعے کی فوری تحقیقات اور جرم میں ملوث افراد کے خلاف کارروائی پر زور دیا ہے۔
واضح رہے کہ چند ہفتے قبل پاکستان اور ایران نے ایک دوسے کے خلاف فضائی حملے کیے تھے جس میں دونوں طرف ہلاکتیں بھی ہوئی تھی۔ لیکن بعد میں دونوں ملک کے رہنماوؤں نے بات چیت کرکے کشیدگی ختم کی اور سفارتی تعلقات کو بحال بھی کردیا تھا۔ (یو این آئی)