نئی دہلی: دہلی پولیس نے ہفتہ کو کہا کہ اس نے ایک مشہور فلمی اداکارہ کا ڈیپ فیک ویڈیو بنانے سے متعلق معاملے میں مرکزی ملزم کو گرفتار کر لیا ہے۔ پولیس نے بتایا کہ ملزم کی شناخت ایمانی نوین (23) کے طور پر ہوئی ہے۔ ایک شکایت کی بنیاد پر مکمل چھان بین کے بعد اسے آج گنٹور، آندھرا پردیش سے گرفتار کیا گیا۔
دہلی پولیس کے انٹیلی جنس فیوژن اینڈ اسٹریٹجک آپریشنز (آئی ایف ایس او ) یونٹ نے ملزم سے ایک لیپ ٹاپ اور تین موبائل فون ضبط کیے ہیں۔ پولیس نے بتایا کہ ملزم نے دعویٰ کیا کہ وہ اداکارہ کا بڑا پرستار ہے اور سوشل میڈیا پر اپنے فالوورز کو بڑھانے کے لیے غیر قانونی حرکتوں کا سہارا لیا۔
پولیس نے اداکارہ کا نام ظاہر نہیں کیا تاہم قیاس آرائی کی جارہی ہے کہ یہ معاملہ اداکارہ رشمیکا مندانا سے متعلق ہے جن کی ڈیپ فیک ویڈیو گزشتہ سال اکتوبر میں وائرل ہوئی تھی۔ ڈپٹی کمشنر آف پولیس (آئی ایف ایس او) ہیمنت تیواری نے یہاں ایک پریس کانفرنس میں کہا کہ "فالورز بڑھانے کے لیے، ملزم نے اداکارہ کی ایک ڈیپ فیک ویڈیو بنائی اور اسے 13 اکتوبر 2023 کو فین پیج پر پوسٹ کیا۔"
ان کا کہنا تھا کہ اس ڈیپ فیک ویڈیو کی وجہ سے دو ہفتوں کے اندر اس پیج کے مداحوں کی تعداد 90,000 سے بڑھ کر 1,08000 ہو گئی۔
غور طلب ہو کہ ساؤتھ سینما کی سپرہٹ اداکارہ رشمیکا مندنا کے حوالے سے گزشتہ سال ایک سنگین معاملہ سامنے آیا تھا۔ دراصل اداکارہ کی ایک ڈیپ فیک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھی۔ اداکارہ نے اس متنازع ویڈیو کو سوشل میڈیا پر شیئر کرکے اپنا دکھ بھی بیان کیا تھا۔
یہ بھی پڑھیں:
- کرکٹر شعیب ملک نے اداکارہ ثناء جاوید کو بنایا شریک حیات
- فلم فیئر ایوارڈز کے نامزدگیوں کی فہرست جاری، شاہ رخ خان کو بہترین اداکار کی نامزدگی حاصل
رشمیکا مندنا کا ڈیپ فیک ویڈیو دیکھ کر دل ٹوٹ گیا تھا۔ اس کے ساتھ ہی اداکارہ نے اپنی ہمت سے سوشل میڈیا پر اس کے خلاف تحریک چلانے کی مہم بھی شروع کی۔ رشمیکا مندنا کا ڈیپ فیک کیس کافی عرصے سے چل رہا تھا اور اب اس کیس کے مرکزی ملزم کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ دہلی پولیس نے اس معاملے میں اہم ملزم کو گرفتار کر لیا ہے۔ (یو این آئی)