لکھنؤ: کانوڑ یاترا ابھی شروع بھی نہیں ہوئی ہے، لیکن اس سے پہلے یاترا کے راستے میں پڑنے والی دکانوں پر نام ظاہر کرنے کا حکم دے کر ملک میں تفریق کا ایجنڈا شروع کردیا گیا ہے۔ سب سے پہلے مظفر نگر پولس کی طرف سے ایسا ہی ایک حکم جاری کیا گیا تھا کہ کانوڑ یاترا کے راستے کی تمام دکانوں پر دکانداروں کے لیے اپنے نام لکھوانا ضروری ہوگا۔
لیکن جب اس اپوزیشن نے سخت اعتراض کیا تو مظفر نگر پولس نے یو ٹرن لیتے ہوئے اپنا حکم بدل دیا اور دکانداروں کی صوابدید پر ایسا کرنے کو کہہ دیا گیا اور اس کے بعد پولیس انتظامیہ نے اپنے حکم پر مشتمل ٹویٹ کو ڈیلیٹ بھی کر دیا۔
اب اترپردیش کے وزیراعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے نیا حکم جاری کیا ہے کہ کانوڑ یاترا کے راستے پر دکانداروں کو اپنا نام لکھنا ہوگا۔ سی ایم یوگی آدتیہ ناتھ نے اس نظام کو پوری ریاست میں نافذ کرنے کی بھی ہدایات دی ہے۔ اس کے علاوہ حلال سرٹیفیکیشن کے ساتھ مصنوعات فروخت کرنے والوں کے خلاف بھی کارروائی کی جائے گی۔
واضح رہے کہ بھگوان شیو کے عقیدت مند ہر سال کانوڑ یاترا پر جاتے ہیں۔ یہ یاترا ساون کے مہینے میں شروع ہوتی ہے۔ اس سفر میں کانوڑی زعفرانی لباس پہن کر یاترا کرتے ہیں۔ اس سال یہ یاترا 22 جولائی 2024 سے شروع ہو رہی ہے۔