نئی دہلی: یونیورسٹی گرانٹس کمیشن (یو جی سی) کے ذریعہ جون 2024 میں منعقد ہونے والے نیٹ امتحانات کے لیے رجسٹریشن کا عمل ہفتہ سے شروع ہوگیا ہے۔ یو جی سی کے چیئرمین ایم جگدیش کمار نے کہا کہ جون میں ہونے والے نیٹ امتحانات کے لیے فارم بھرنے کے لیے ویب سائٹ کو 20 اپریل سے کھول دیا گیا ہے۔ نیٹ امتحان میں شرکت کے خواہش مند امیدوار این ٹی اے کی ویب سائٹ ugcnet.nta.ac.in پر جا کر اندراج کر سکتے ہیں۔
غور طلب ہو کہ رجسٹریشن کے بعد طلبہ نیٹ امتحانات کا فارم بھر سکیں گے۔ اس کے علاوہ انہوں نے یو جی سی نیٹ 2024 میں دو نئی تبدیلیوں کے بارے میں بھی جانکاری دی۔ انہوں نے بتایا کہ جون 2024 میں ہونے والے نیٹ امتحان میں چار سالہ انڈرگریجویٹ کورس کے آخری سال میں زیر تعلیم طلبہ بھی نیٹ امتحان میں شرکت کر سکتے ہیں۔
اس کے علاوہ ان کے لیے ایک اور اچھی خبر یہ ہے کہ یہ طلبہ کسی بھی مضمون میں نیٹ کا امتحان دے سکتے ہیں۔ ان کے لیے لازمی نہیں ہے کہ وہ نیٹ امتحان میں اسی مضمون میں شرکت کریں جس میں وہ گریجویشن کر رہے ہیں۔ یہ دو بڑی تبدیلیاں اس سال کے نیٹ امتحان سے ہونے والی ہیں۔
ایم جگدیش کمار نے بتایا کہ نیٹ امتحان کے لیے رجسٹریشن کے وقت طلبہ کو یہ معلومات دینی ہوگی کہ وہ کس مضمون میں پی ایچ ڈی کرنا چاہتے ہیں۔ اس کی وجہ یہ ہے کہ اگر نیٹ امتحان میں شامل طلبہ کا اسکور پی ایچ ڈی کے امتحان میں داخلہ کے اہل ہے تو پی ایچ ڈی میں داخلہ لینے کے بعد انہیں اس مضمون میں پی ایچ ڈی کرنی ہوگی، جس کی معلومات وہ نیٹ امتحان کے فارم میں دے رہے ہیں۔ مکمل تفصیلات کے لیے یہاں کلک کریں
قابل ذکر ہے کہ سال 2023 تک صرف وہی طلبہ جنہوں نے پوسٹ گریجویشن کی تعلیم مکمل کی ہے، نیٹ امتحان میں شرکت کے لیے درخواست دے سکتے تھے۔ اس کے علاوہ طلبہ نیٹ کے امتحان میں صرف ان مضامین میں بیٹھ سکتے تھے، جن میں انہوں نے پوسٹ گریجویشن کی تعلیم مکمل کی ہے۔ لیکن اس سال سے ان اصول میں تبدیلی کے بعد نیٹ امتحان کے لیے درخواست دینے والے امیدواروں کی تعداد میں اضافہ ہونے کا امکان ہے۔
یہ بھی پڑھیں:
- یونیورسٹی گرانٹ کمیشن کے نوٹس کا جادو پوریونیورسٹی نے جواب دیا
- چار سالہ گریجوٹ کورس طلبا کے مفادات کے پیش نظر کیا گیا
غور طلب ہو کہ اس سال سے یو جی سی نے یونیورسٹیوں کو ہدایت دی ہے کہ پی ایچ ڈی میں داخلے کے عمل کو صرف نیٹ امتحان کے اسکور کی بنیاد پر ہی اپنایا جائے۔ اس کے علاوہ یو جی سی نے اس ماہ اس سے متعلق ایک نوٹیفکیشن بھی جاری کیا ہے۔