نئی دہلی: یو جی سی نیٹ امتحان کی تاریخ کو تبدیل کر کے 18 جون کر دیا گیا کیونکہ یو جی سی نیٹ اور سول سروسز کے ابتدائی امتحان کی تاریخ 16 جون کو پڑ گئی تھی۔
غور طلب ہو کہ یوجی سی کے چیئرمین ایم جگدیش کمار نے پیر کو ایک سوشل میڈیا پوسٹ میں کہا کہ "امیدواروں سے معلومات حاصل کرنے کے بعد کمیشن نے یوجی سی نیٹ جون 2024 کے امتحان کی تاریخ بڑھانے کا فیصلہ کیا ہے۔ نیشنل ٹیسٹنگ ایجنسی (این ٹی ای) ایک ہی دن میں پورے بھارت میں او ایم آر موڈ میں یوجی سی نیٹ کا انعقاد کرے گی۔"
ایک سرکاری بیان میں کہا گیا ہے کہ شہر کے امتحانی مرکز کی معلومات سے متعلق نوٹیفکیشن امتحان سے 10 دن قبل سرکاری ویب سائٹ پر پیش کیا جائے گا۔ امیدواروں کو یہ بھی مشورہ دیا جاتا ہے کہ وہ تازہ ترین اپ ڈیٹس کے لیے این ٹی اے کی ویب سائٹ دیکھیں۔
یو جی سی کے چیئرمین ایم جگدیش کمار نے کہا کہ جون میں ہونے والے نیٹ امتحانات کے لیے فارم بھرنے کے لیے ویب سائٹ کو 20 اپریل سے کھول دیا گیا ہے۔ نیٹ امتحان میں شرکت کے خواہش مند امیدوار این ٹی اے کی ویب سائٹ ugcnet.nta.ac.in پر جا کر اندراج کر سکتے ہیں۔
غور طلب ہو کہ رجسٹریشن کے بعد طلبہ نیٹ امتحانات کا فارم بھر سکیں گے۔ اس کے علاوہ انہوں نے یو جی سی نیٹ 2024 میں دو نئی تبدیلیوں کے بارے میں بھی جانکاری دی۔ انہوں نے بتایا کہ جون 2024 میں ہونے والے نیٹ امتحان میں چار سالہ انڈرگریجویٹ کورس کے آخری سال میں زیر تعلیم طلبہ بھی نیٹ امتحان میں شرکت کر سکتے ہیں۔
اس کے علاوہ ان کے لیے ایک اور اچھی خبر یہ ہے کہ یہ طلبہ کسی بھی مضمون میں نیٹ کا امتحان دے سکتے ہیں۔ ان کے لیے لازمی نہیں ہے کہ وہ نیٹ امتحان میں اسی مضمون میں شرکت کریں جس میں وہ گریجویشن کر رہے ہیں۔ یہ دو بڑی تبدیلیاں اس سال کے نیٹ امتحان سے ہونے والی ہیں۔ (یو این آئی)
یہ بھی پڑھیں: یو جی سی نیٹ 2024 کے لیے رجسٹریشن شروع، 10 مئی آخری تاریخ - UGC NET 2024