حیدرآباد (نیوز ڈیسک): بھارت کے مشہور و معروف بزنس ٹائیکون، پدم وبھوشن رتن ٹاٹا اس دار فانی سے رخصت ہو چکے ہیں۔ ان کے انتقال سے پورے ملک میں غم کی لہر چھائی ہوئی ہے۔ ٹاٹا زندگی بھر غیر شادی شدہ رہے۔ ان کے پسماندگان میں ایک بھائی، جمی ٹاٹا، اور ان کی ماں کی طرف سے دو سوتیلی بہنیں ہیں۔ رتن ٹاٹا کے والد کا نام نیول ٹاٹا تھا۔ انہیں رتن جی ٹاٹا نے گود لیا تھا۔ رتن جی ٹاٹا جمشید جی ٹاٹا کے بیٹے تھے جنہوں نے 1868 میں ٹاٹا گروپ کی بنیاد رکھی تھی۔ رتن ٹاٹا 1962 میں ٹاٹا گروپ میں شامل ہوئے اور 1991 میں اپنے پیشرو جے آر ڈی ٹاٹا کی موت کے بعد گروپ کی قیادت سنبھالی۔ 74 سال کی عمر میں 2012 میں جب انہوں نے ریٹائر ہونے کا فیصلہ کیا تو اس وقت ٹاٹا گروپ کی کل آمدنی 100 بلین ڈالر تھی۔
بزنس ٹائیکون رتن ٹاٹا کے 10 مشہور اقوال
(1) ''زندگی میں اتار چڑھاؤ ہمیں متحرک رکھنے کے لیے بہت اہم ہیں کیونکہ ای سی جی میں بھی سیدھی لکیر کا مطلب ہے کہ ہم زندہ نہیں ہیں۔"
(2) "ایک دن آپ کو یہ احساس ہو جائے گا کہ مادی چیزوں کی کوئی حیثیت نہیں ہے۔ ان لوگوں کی خیریت و عافیت سب سے اہم ہے جن سے آپ محبت کرتے ہیں۔"
(3) "بہترین رہنما وہ ہوتے ہیں جو اپنے آپ کو خود سے زیادہ ہوشیار معاونین اور متعلقین سے گھرے ہونے میں سب سے زیادہ دلچسپی رکھتے ہیں۔"
(4) "میں کام اور زندگی کے توازن پر یقین نہیں رکھتا۔ میں کام کی زندگی کے ضم ہونے پر یقین رکھتا ہوں۔ اپنے کام اور زندگی کو بامقصد بنائیں تو وہ ایک دوسرے کی تکمیل کریں گے۔"
(5) "کوئی خطرہ مول نہیں لینا سب سے بڑا خطرہ ہے۔ تیزی سے بدلتی اس دنیا میں واحد حکمت عملی جو ناکام ہونے کی ضمانت دیتی ہے وہ خطرہ مول نہ لینا ہے۔"
(6) "چیلنجوں کا سامنا کرتے ہوئے ثابت قدم اور لچکدار بنیں، کیونکہ یہ کامیابی کے بنیادی ستون ہیں۔"
(7) "دوسروں کے ساتھ بات چیت میں رحم، غم خواری اور ہمدردی کی طاقت کو کبھی کم نہ سمجھیں۔"
(8) "ہو سکتا ہے کہ آپ کی زندگی ہمیشہ آرام دہ نہ ہو، اور ہو سکتا ہے کہ آپ ہمیشہ دنیا کے تمام مسائل کو حل کرنے کے قابل نہ ہوں، لیکن اپنی اہمیت کو کبھی کم نہ سمجھیں، کیونکہ تاریخ نے ہمیں دکھایا ہے کہ ایک کی ہمت سے دوسروں کو ہمت ملتی ہے اور امید اپنے آپ میں زندگی بحال کر سکتی ہے۔"
(9) "قیادت کا مطلب ذمہ داری قبول کرنا ہے نہ کہ بہانے بنانا۔"
(10) "اپنے پاس مواقع آنے کا انتظار نہ کریں، اپنے مواقع خود پیدا کریں۔"
یہ بھی پڑھیں: معروف صنعتکار رتن ٹاٹا کا 86 برس کی عمر میں انتقال