ممبئی: ریزرو بینک آف انڈیا (آر بی آئی) کو اپنی سرکاری ویب سائٹ پر ایک دھمکی آمیز ای میل موصول ہوئی ہے۔ روسی زبان میں لکھی گئی اس ای میل میں مرکزی بینک کو اڑانے کے منصوبے سے خبردار کیا گیا ہے۔
ممبئی پولیس کے زون 1 کے ڈی سی پی نے کہا کہ ریزرو بینک آف انڈیا کی آفیشل ویب سائٹ پر ایک دھمکی آمیز ای میل آئی ہے۔ ای میل روسی زبان میں تھی، جس میں بینک کو اڑانے کی وارننگ تھی۔
مزید پڑھیں:سنجے ملہوترا ہوں گے آر بی آئی کے نئے گورنر
ماتا رمابائی مارگ (ایم آر اے مارگ) پولیس اسٹیشن میں نامعلوم ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ معاملے کی تفتیش جاری ہے۔ واضح رہے کہ گزشتہ کئی ماہ سے مختلف افراد اور اداروں کو پراسرار دھمکی آمیز پیغامات فون یا دیگر الیکٹرانک ذرائع سے مل رہے ہیں اور ان پیغامات کی خوب تشہیر کی جاتی ہے، گزشتہ دنوں دلی کے چند بڑے اسکولوں کو ایسے دھمکی آمیز پیغامات ملے تھے۔ دلی میں اائندہ مہینوں کے دوران ہونے والے اسمبلی الیکشن کے پس منظر میں ان دھمکی آمیز پیغامات کو سنجیدگی سے لیا جارہا ہے۔ حکومت کی اس بات پر نکتہ چینی کی جارہی ہے کہ ان پیغامات کے پیچھے عناصر اور انکے عزائم کو بے نقاب کرنے کی کوئی سنجیدہ کوشش نہیں کی جارہی ہے۔ یہ سوالات بھی پوچھے جارہے ہیں کہ لوگوں میں خوف و ہراس پھیلانے کو میڈیا کی جانب سے خوب تشہیر کی جاتی ہے۔
عوامی حلقوں کا کہنا ہے کہ حکومتی اداروں اور سائبر کرائم کی روک تھام سے متعلق اداروں نے ان دھمکی آمیز کالز کو ٹریس کرنے کی سنجیدہ کوشش نہیں کی ہے۔