بنگلورو: رامیشورم کیفے بلاسٹ کیس میں ایک اہم پیش رفت میں، قومی تحقیقاتی ایجنسی (این آئی اے) نے جمعہ کو مغربی بنگال کے کولکاتا سے دو مشتبہ افراد کو گرفتار کر لیا ہے۔ بنگلورو میں ہونے والے دھماکوں کے بعد سے فرار ہونے والے دونوں ملزمین کی شناخت عادل متین طحہٰ اور مساویر حسین شازیب کے طور پر ہوئی ہے۔ ذرائع نے بتایا کہ "دونوں مشتبہ افراد کو ان کے ٹھکانے کا پتہ لگانے کے بعد این آئی اے کی ٹیم نے انہیں حراست میں لے لیا۔"
این آئی اے نے کہا کہ مساویر حسین شازیب ملزم ہے جس نے کیفے میں آئی ای ڈی رکھی تھی اور عبدالمتین طٰحہ منصوبہ بندی، دھماکے کو انجام دینے اور اس کے بعد قانون کے شکنجے سے فرار ہونے کا ماسٹر مائنڈ ہے۔ جمعہ کی صبح سویرے، این آئی اے کو کولکاتا کے قریب مفرور ملزمان کا پتہ لگانے میں کامیابی ملی جہاں وہ جھوٹی شناخت کے تحت چھپے ہوئے تھے۔ ذرائع نے بتایا کہ این آئی اے کے ذریعہ کامیابی کے ساتھ انجام پانے والے اس تعاقب کو این آئی اے، مرکزی انٹیلی جنس ایجنسیوں اور مغربی بنگال، تلنگانہ، کرناٹک اور کیرالہ پولیس کی ریاستی پولیس ایجنسیوں کا بھرپور تعاون حاصل ہوا ہے۔
این آئی اے نے گزشتہ ماہ ان دونوں ملزمین کی گرفتاری کی اطلاع دینے والے کو 10 لاکھ روپے کے انعام کا اعلان کیا تھا۔ یکم مارچ کو آئی ٹی پی ایل روڈ، بروک فیلڈ، بنگلورو میں واقع کیفے میں ایک آئی ای ڈی دھماکہ ہوا تھا۔ اس کے بعد این آئی اے نے 3 مارچ کو تحقیقات شروع کی تھی۔