نئی دہلی: وزیر اعظم نریندر مودی 13 سے 14 فروری متحدہ عرب امارات (یو اے ای) اور قطر کے دورہ پر جائیں گے۔ مودی متحدہ عرب امارات میں ابوظہبی کے پہلے ہندو مندر کا افتتاح کریں گے اور قطر کے سفر پر دوحہ جائیں گے۔
خارجہ سکریٹری ونے کواترا نے پیر کو یہاں ایک پریس کانفرنس میں یہ معلومات دی۔ ان کے مطابق مودی کا 2015 کے بعد سے یو اے ای کا یہ ساتواں دورہ ہوگا اور گزشتہ آٹھ ماہ میں ان کا تیسرا دورہ ہے۔ دورے کے دوران وزیراعظم متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زید النہیان سے دوطرفہ ملاقات کریں گے۔ دونوں رہنما ممالک کے درمیان اسٹریٹجک شراکت داری کو مزید گہرا کرنے، وسعت دینے اور مضبوط کرنے کے طریقوں پر تبادلہ خیال کریں گے اور باہمی دلچسپی کے علاقائی اور بین الاقوامی امور پر تبادلہ خیال کریں گے۔
مودی متحدہ عرب امارات کے نائب صدر، وزیر اعظم اور وزیر دفاع شیخ محمد بن راشد المختوم سے بھی ملاقات کریں گے۔ ان کی دعوت پر وزیراعظم دبئی میں منعقد ہونے والی گلوبل گورننس سمٹ 2024 میں بطور مہمان خصوصی شرکت کریں گے اور کلیدی خطاب کریں گے۔
وزیر اعظم ابوظہبی میں پہلے ہندو مندر سوامی نارائن مندر کا افتتاح کریں گے۔ وہ زید اسپورٹس سٹی، ابوظہبی میں ایک پروگرام میں متحدہ عرب امارات کی ہندوستانی برادری سے بھی خطاب کریں گے۔ مندر کی افتتاحی تقریب کے بارے میں ایک سوال کے جواب میں خارجہ سکریٹری نے کہا، "سوامی نارائن مندر کی افتتاحی تقریب مسٹر مودی کے یو اے ای کے دورے کا ایک بڑا حصہ ہے۔ ابھی دستیاب معلومات کے مطابق اس دن تقریباً 2000 سے 5000 عقیدت مندوں کے مندر میں آنے کی امید ہے۔"
یو این آئی۔