باندہ: ڈسٹرکٹ جیل میں بند مختار انصاری کی طبیعت اچانک خراب ہوگئی۔ انہیں پیر کی آدھی رات کے بعد رانی درگاوتی میڈیکل کالج میں داخل کرایا گیا تھا۔ وہ آئی سی یو میں زیر علاج ہیں۔ پولیس انتظامیہ نے میڈیکل کالج کے آئی سی یو زون کو چھاؤنی میں تبدیل کر دیا ہے۔ افسران نے خاموشی اختیار کر رکھی ہے۔ مختار انصاری کی صحت کے حوالے سے ابھی تک کوئی سرکاری بیان سامنے نہیں آیا۔
دو روز قبل حکومت نے مختار انصاری کے حفاظتی انتظامات میں غفلت برتنے پر ایک جیلر اور دو ڈپٹی جیلرز کو معطل کر دیا تھا۔ مجازی پیشی کے دوران مختار انصاری نے عدالت میں جیل انتظامیہ پر انہیں سلو پوائزن دینے کا الزام لگایا تھا۔ مختار کی صحت تقریباً ایک ہفتے سے مسلسل بگڑ رہی ہے۔
پیر کی آدھی رات کے بعد ان کی طبیعت اچانک بگڑ گئی۔ اس سے جیل انتظامیہ میں افراتفری پھیل گئی۔ حالت نازک ہونے پر مختار کو فوراً اور خفیہ طریقے سے میڈیکل کالج میں داخل کرایا گیا۔ ذرائع کے مطابق مختار انصاری کے بھائی افضل انصاری سمیت اہل خانہ دوپہر تک میڈیکل کالج پہنچ جائیں گے۔
مختار کے وکلا نے کسی ناخوشگوار واقعے کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔ چند روز قبل مختار نے کہا تھا کہ ان کی جان کو خطرہ ہے۔ انہوں نے الزام لگایا تھا کہ 19 مارچ کو ملنے والے کھانے میں زہریلا مادہ ملا تھا۔
واضح رہے کہ مختار انصاری اترپردیش کے مئو حلقہ سے پانچ مرتبہ رکن اسمبلی منتخب ہوچکے ہیں۔ ا ور دو مرتبہ بہوجن سماج پارٹی کے اسمبلی حلقہ کے لئے امیدوار بھی رہ چکے ہیں۔ انہوں نے آخری بار 2017 میں اسمبلی انتخابات میں حصہ لیا تھا۔ مختار انصاری کے خلاف یوپی، پنجاب، نئی دہلی اور دیگر ریاستوں میں تقریباً 60 مقدمات زیر التوا ہیں۔
اس سے قبل 13 مارچ کو مختار انصاری کو 1990 میں اسلحہ لائسنس حاصل کرنے کے لیے جعلی دستاویزات کے استعمال سے متعلق ایک مقدمے میں عمر قید کی سزا سنائی گئی تھی۔ یہ آٹھواں معاملہ تھا جس میں پانچ بار کے سابق رکن اسمبلی کو عدالت نے پچھلے دو سالوں کے دوران مجرم قرار دے کر سزا سنائی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: